پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گا،حفیظ شیخ


اسلام آباد: پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ نے مشیر خزانہ حفیظ شیخ سے ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ دلچسپی اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کی دوستی پر فخر کرتا ہے جو ہرمشکل وقت میں پوری اتری ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کےلئے ماحول سازگار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گا۔ پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں چین کا اہم کردار ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر چینی سرمایہ کا اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی حکومت سی پیک کی قبل از وقت تکیمل چاہتی ہے۔

سابق وزیرخزانہ اسدعمر کی جگہ معاشی ذمہ داریاں سنبھالنے والے حفیظ شیخ نے معاملات سنبھالنے کے بعد باقاعدہ اجلاسوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

مشیر خزانہ نے گزشتہ روز ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ ریونیو (ایف بی آر) کو ایمنسٹی اسکیم کو مزید آسان بنانے کی ہدایت کی تھی۔

حفیظ شیخ منگل کو ہونے والے کابینہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جہاں وہ شرکاء کو معاشی صورتحال اور ایمنسٹی اسکیم سے متعلق پیشرفت اور نئے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے، یاد رہے وفاقی کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں ایمنسٹی اسکیم پر کچھ وزراء کی جانب سے تحفظات کے اظہار کے بعد معاملے کو اگلے اجلاس تک موخر کردیا گیا تھا۔

دوسری طرف چینی سفیر نے آج بیلٹ اینڈ روڑ فورم سے اور وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے بریفنگ دی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین انتہائی قریبی اور اچھے دوست ہیں، دونوں ممالک کے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

چینی سفیر نے قرضوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چین نے سی پیک منصوبوں کے لیے پاکستان کو 19 ارب ڈالرز کا قرض دیا ہے ، جس میں 6 ارب ڈالرز رعایتی قرضہ  ہے جوحکومت پاکستان نے 25 سے 30 سال میں واپس کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 13 ارب ڈالرز کا کمرشل قرض ہے جو  مختلف کمپنیوں نے واپس کرنا ہے، اس قرض کی واپسی حکومت پاکستان کی ذمہ داری نہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین

وزیراعظم عمران خان 25 سے 28 اپریل تک چین کا دورہ کریں گے، وزیراعظم یہ دورہ چینی صدر کی دعوت پرکررہے ہیں۔

وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران سوشل سیکٹر کے 27 منصوبوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ عمران خان 25 اپریل سے شروع ہونیوالے بیلٹ اینڈ روڈ فورم سے خصوصی خطاب کریں گے۔

عمران خان 27 اپریل کو چینی نائب صدر سے ملاقات کریں گے، اس دورے کے دوران دوسرے آزادانہ تجارتی معاہدے پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں