ایل این جی فراڈ کو سامنے لایا جائے گا، فردوس عاشق اعوان


اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قوم کے ساتھ ایل این جی فراڈ کو سامنے لایا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ ایل این جی کے نئے معاہدے اوپن ہوں گے، معاملہ ای سی سی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایل این جی کے نئے معاہدوں میں خطے میں کم سے کم قیمت یقینی بنائی جائے گی۔

ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دی گئی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ ادویات میں قیمتوں کے حوالے سے لوگوں میں بے چینی تھی، کابینہ کو بتایا گیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے جلد متعلقہ فریقین سے بات ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ مشیر صحت جلد ادویات کی قیمتوں کے حوالے سے میڈیا کو اعتماد میں لیں گے۔

وزیر اعظم کے دورہ ایران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اجلاس کے دوران کابینہ کو اعتماد میں لیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران صرف ہمسائیہ ملک نہیں برادر اسلامی ملک ہے، جس کے ساتھ کچھ غلط فہمیاں پیدا ہورہی تھیں جن کا تدارک ضروری تھا۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری آئے گی تو ملکی معیشت کا پہیہ تیزی سےآگے بڑھے گا اور ملک میں نوکریاں پیدا ہوں گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تعمیری تنقید میڈیا کا حق ہے، مثبت تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ادویات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

کراچی کے قریب سمندر میں تیل و گیس کے ذخائر دریافت کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ جلد خوش خبری آئے گی اور ہم اسی طرح کی بریفنگ کے دوران آپ کو آگاہ کریں گے۔

کابینہ اجلاس کی فوٹیج نے سوالات کھڑے کردیے

کابینہ میں ردو بدل کے بعد پہلے اجلاس کی جاری ہونے والی فوٹیج نے کئی سوالات کو جنم دے دیا۔

وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری ہونے والی فوٹج میں متعدد وزرا غائب ہیں۔ ذرائع کے مطابق فوٹیج میں غلام سرور خان اور ق لیگ کے طارق چیمہ اجلاس میں موجود نہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کی فوٹیج میں زرتاج گل اور خالد مقبول صدیقی بھی موجود نہیں ہیں جبکہ ویڈیو میں کوئی لانگ شوٹ ہی نہیں۔

دوسری جانب فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شاہ محمود قریشی اور علی امین گنڈہ پور کے علاوہ تمام افراد شریک ہوئے۔

اس سے قبل ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر چیئرمین نیب جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دیا۔

ایک اعلامیے میں چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں 100 سے 300 فیصد تک اضافہ ہوگیا جس سے یہ عام آدمی کی خرید سے دور ہو گئی ہیں۔

چیئرمین نیب حکم دیا کہ ڈی جی نیب راولپنڈی قیمتوں میں اچانک اضافے اور مبینہ کرپشن کی تحقیقات کریں۔


متعلقہ خبریں