قومی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لیے لندن پہنچ گئی


لاہور: قومی کرکٹ ٹیم اپنے دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے لندن پہنچ گئی ہے ۔

ہم نیوز کے مطابق 16 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے روانہ ہوئی۔ ممتاز آل راؤنڈر شعیب ملک دبئی سے ٹیم کو جوائن کریں گے۔

شیڈول کے مطابق پاکستان کی کرکٹ ٹیم برطانیہ میں انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے اور ایک ٹی -20 میچ کھیلے گی۔

قومی کرکٹ کرکٹ ٹیم 27 اپریل کو کینٹ کاونٹی کے خلاف میچ سے دورے کا آغاز کرے گی۔

 

ورلڈ کپ کے مقابلوں کا آغاز 30 مئی سے ہوگا۔ افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان تاریخی اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیزکے خلاف 31 مئی کوکھیلے گی۔ پاکستان کا اپنے روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 16 جون کو ہو گا۔

شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کا فائنل میچ 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ روانگی سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں لگایا گیا تھا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر نے ٹیم کی روانگی سے قبل لاہور میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے سب کھلاڑی ترپ کا پتہ (ٹرمپ کارڈ) ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں۔

مکی آرتھر نے کہا کہ ہمارے پاس بولنگ میں ورائٹی ہے۔ پاکستان کی ٹیم میں لفٹ آرم ، رائٹ آرم، رسٹ اسپنر اور آف بریک باؤلر بھی موجود ہیں۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ بابر اعظم ہمارا بہترین بیٹسمین ہے، اگر وہ لگاتار سنچری کرتا رہا تو پاکستان کے پاس بہت اچھا چانس میچ جیتنے کا بنتا ہے لیکن ٹیم صرف ایک کھلاڑی پر اعتبار نہیں کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیت کا دارومدار پورے 15 کھلاڑیوں پر ہوتا ہے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کو ملا کر ٹیم کا اچھا کمبیشن بنتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عماد ویسم بھی فٹنس پر کام کر رہا ہے، محمد حفیط اور یاسرشاہ بھی فٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہترین حکمت عملی سے میدان میں اتریں گے اور اپنی طرف سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کی تیاری مکمل ہے اور تمام کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم مضبوط ہے اور بھرپور تیاری سے میدان میں اترے گی۔

سرفراز احمد نے دعویٰ کیا کہ ہم نے ماضی میں جو غلطیاں کی ہیں وہ نہیں دہرائیں گے اور ورلڈکپ میں اپنی سکت سے بڑھ کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ سب کی مشاورت سے ٹیم بنی ہے اور ہم نے کھلاڑیوں پر ایک سال سے زائد عرصہ محنت بھی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہے البتہ انہوں نے تسلیم کیا کہ اسکواڈ میں عماد وسیم مکمل فٹ نہیں ہیں لیکن ٹیم کمبیشن کے لیے عماد وسیم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عماد وسیم مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم چھ بلے باز لے کر جارہے ہیں اور میری اپنی کوشش ہوگی کہ ٹاپ 5 میں کھیلوں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا ہمیں صرف بھارت ہی نہیں بلکہ ہر ٹیم سے میچ جیتنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ ہمیشہ ہی سے سنسنی خیز ہوتا ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ قوم امید رکھے کہ ہم اچھا پرفارم کر یں گے۔


متعلقہ خبریں