نیب نے مبینہ جعلی بنک اکائونٹس کیس میں 6 افراد کو گرفتار کرلیا



اسلام آباد: قومی حتساب بیورو(نیب) نےمبینہ جعلی بنک اکائونٹس کیس میں  ڈاکٹر ڈینشا سمیت 6افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ڈینشا کو بحریہ آئیکون ٹاور کیس میں کراچی سے گرفتار کیا گیا ہے۔  ڈاکٹر ڈنشاہ گلیکسی کنسٹرکشن کمپنی کے شیئر ہولڈر ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں کراچی سے مزید پانچ ملزمان کو بھی گرفتار کیاہے۔ گرفتار ملزمان میں نذیر جوکھیو، محمد اقبال جوکھیو، غلام دستگیر جوکھیو،امام بخش اور میاں بخش  شامل ہیں۔ پانچوں ملزمان کو نیب کراچی نے سپریم کورٹ رجسٹری سے گرفتار کیا۔ملزمان کو جلد کراچی سے اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو کراچی میں بحریہ آئیکون ٹاور کیلئے زمین الاٹ کرنے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ سپریم کورٹ کی طرف سے جعلی اکاؤنٹس کی چھان بین کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ آئیکون ٹوون ٹاورز کے لیے باغ ابن قاسم کلفٹن کراچی میں 7900 مربع گز زمین حکومت سندھ اور گیلیکسی کنسٹرکشن پرائیویٹ لمیٹیڈ کی مدد سے دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس، فریال تالپور کی نیب پیشی، اندرونی کہانی 

اس کے عوض بحریہ آئیکون ٹوون ٹاورز میں 50 فیصد شیئرز اور جے وی اوپل 225 سکیم کی طرف سے ایک عشاریہ دو ارب روپے لیے گئے۔ جے وی اوپل 225 پراجیکٹ بحریہ اور زردرای گروپوں کامشترکہ منصوبہ تھا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ زرداری گروپ آف کمپنیز کے زمین پر بحریہ ٹاؤن نے تعمیرات کرنا تھیں اور اس سلسلے میں زرداری گروپ آف کمپنیز نے سوا ارب روپے بحریہ ٹاؤن کو دیئے تھے۔ فریال تالپور نے بطور ڈائریکٹر رقم کی منتقلی کی اور اس کے لیے جعلی بینک اکاونٹس استعمال کا بھی الزام ہے۔

نیب نے آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کو بھی اوپل 225 کیس میں طلب کیا تھا۔ اور ان سے سوال کیا گیا تھا کہ  آپ نے بحریہ ٹاؤن کو زمین منتقل کی؟ کیا زرداری گروپ آف کمپنیز کی ڈائریکٹر آپ تھیں؟

ان سوالوں کے جواب میں فریال تالپور نے جواب دیا تھا کہ کبھی کرپشن نہیں کی دامن صاف ہے۔


متعلقہ خبریں