وفاقی پولیس کے تین اہلکار منشیات فروشی میں ملوث



اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس، ریسکیو 15 اور اینٹی کار لفٹنگ سیل کے تین اہلکار منشیات فروشی میں ملوث پائے گئے ہیں۔

اینٹی نارکوٹیکس فورس کی نشاندہی پر کانسٹیبل فہیم گل اور شاہ نواز کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ نشاط احمد فرار ہیں۔

اطلاعات کے مطابق وفاقی پولیس کے تین اہلکاروں نے منشیات فروشوں سے برآمد کی گئی 1 کلو آئیس اور دو کلو سے زائد چرس فروخت کی تھی۔ ہم نیوز کو یہ خبر بھی ملی ہے کہ مذکورہ اہلکار پہلے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے اور برآمد شدہ منشیات مارکیٹ میں فروخت کر دیتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی پولیس کے 900میں سے 40اہلکاروں میں ہیپاٹائٹس کی تشخیص

ملزمان ریسکیو 15، تھانہ رمنا اور اینٹی کار لفٹنگ سیل میں تعینات ہیں۔ ملزمان کیخلاف اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں9 سی کے تحت دو مقدمات درج کر کے مزید کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ وفاقی پولیس کے 900 پولیس ملازمین میں سے 40 کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ پولیس اہلکاروں میں مہلک بیماری ہیپائٹس کے رزلٹ مثبت آنے پر وزیر صحت اور آئی جی اسلام آباد نے بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔

اس وقت کے وزیرصحت عامر کیانی نے پولیس ملازمین کا علاج کرانے اور ادویات فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

آئی جی اسلام آباد پولیس ذوالفقار خان کے مطابق اسلام آباد پولیس میں 50 فیصد فورس کی عمر 50 سال سے اوپر ہے۔


متعلقہ خبریں