جعفرآباد میں دھماکہ، آٹھ افراد زخمی



جعفرآباد میں دھماکے کے نیتجے میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈیرہ اللہ یار کے صحبت چوک میں موٹرسائیکل پارک تھی جس میں بارود نصب تھا، دھماکہ خیز مواد کو ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا۔

دھماکے میں آٹھ راہگیرزخمی ہوئے جنہیں مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈیرہ اللہ یاراسپتال منتقل کردیا ہے۔

سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئی ہے جہاں دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔

سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے سرچ آپریشن کے لیے علاقے کو گھیرے میں لیا گیا ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ اچانک ہوا اور اس کی شدت اچھی خاصی تھی جس کا مطلب ہے کہ بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ہے۔

تفتیشی اداروں کی جانب سے شوہاد اکٹھے کیے جارہے ہیں جبکہ پولیس اور ایف سی اہلکار موقع پر موجود ہیں اور لوگوں کو دھماکے کی جگہ اور آس پاس میں اکٹھا ہونے سے روک رہے ہیں۔

یاد رہے 12 اپریل کو کوئٹہ کی سبزی منڈی میں بھی ایک خود کش دھماکہ ہوا تھا جس کے نیتجے میں 20 افراد شہید اور 48 زخمی ہوئے تھے۔ دھماکے میں شہید ہونے والوں میں سے آٹھ افراد کا تعلق ہزارہ برداری سے تھا جبکہ سیکیورٹی اہلکار اور ایک بچہ بھی شامل تھے۔

اسی طرح 18 اپریل کو تخریب کاری کے ایک اور واقعہ میں مکران کوسٹل ہائی وے پر نامعلوم مسلح افراد نے 14 افراد کو قتل کردیا تھا۔ لیویز ذرائع کے مطابق مکران کوسٹل ہائی وے پر بوزی ٹاپ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے مختلف بسوں کو روک کر مسافروں کے شناختی کے بعد انہیں قتل کیا۔


متعلقہ خبریں