پاک بحریہ کا کامیاب میزائل تجربہ 


کراچی: شمالی بحیرہ عرب میں پاک بحریہ نے میزائل فائرنگ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق  پاک بحریہ کے وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے پی این ایس معاون سے میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ پاک بحریہ کے فاسٹ اٹیک کرافٹ نے سطح سمندر سے زمین پر میزائل فائر کیا۔ مقامی سطح پر تیار کئے گئے میزائل نے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا ۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ میزائل سمندر سے سمندر اور سمندر سے زمین پر مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بحیرہ عرب میں میزائل فائرنگ کا یہ تجربہ پاکستان کی جدید اسلحہ سازی کی استعداد اور پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ اس موقع پر وائس چیف آف نیول اسٹاف نے پاکستان نیوی فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا جبکہ وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے میزائل سسٹم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے انجینئرز اور ریسرچرز کی خدمات کو سراہا۔

اس سے کچھ روز قبل امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے آج  ساحلی تنصیبات اور اگلے مورچوں کا دورہ کیا تھا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق  نیول چیف نے شمالی بحیرہ عرب میں تعینات بحری جہازوں کا دورہ بھی کیا تھا۔

نیول چیف کوپاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی تھی اور افسروں اور جوانوں سے ملاقات بھی کی تھی۔ سربراہ پاک بحریہ نے  آپریشنل تیاریوں اورجوانوں کے  بلند حوصلے کو سراہا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا، ایئر چیف

ترجمان پاک بحریہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سربراہ پاک فضائیہ نے  موجودہ صورت حال میں افسران اور جوانوں کو ہمہ وقت انتہائی مستعد اور چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے کہا تھا کہ ہم امن پسند ملک ہیں مگردشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی انتہائی صلاحیت رکھتے ہیں۔ہم جارحیت نہیں چاہتے مگر اگر دشمن نے پہل کی تو بھر پور جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمارا غیر متزلزل ایمان، ہمت اور وطن کی حفاظت کا جذبہ ہماری صلاحیتوں کو استحکام عطا کرتا ہے۔

اس سے کچھ روز قبل پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی پاک فضائیہ کے فارورڈ آپریٹنگ بیسزکا دورہ کیا تھا۔

ائیر چیف مجاہد انور خان نے اس موقع پر کہا تھا کہ  دشمن کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

پاک فضائیہ کے فارورڈ آپریٹنگ بیسز کے دورے کے دوران ان کا کہنا تھا کہ عملے کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا۔


متعلقہ خبریں