مراد سعید کی مخالفت، عبد الرحمان قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے چیئرمین تعینات


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کی مخالفت کے باوجود ڈاکٹر عباد الرحمان کو قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے چیئرمین تعینات کردیا گیا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ فارمولے کے مطابق مواصلات کی کمیٹی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو دی جانی تھی اور مسلم لیگ نواز نے ڈاکٹر عبادالرحمان کے نام کو تجویز کیا۔

بتایا جارہا ہے کہ وفاقی وزیر مراد سعید نے عبادالرحمان کے نام کی مخالفت کی تھی جس کے باعث کمیٹی کے چیئرمین کا فیصلہ نہیں ہو پارہا تھا۔

گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے نوید قمر نے اسپیکر کو ن لیگ کے تحفظات سے آگاہ کیا تھا، معاملہ حل کرنے کے لیے چیف وِپ عامر ڈوگر نے اہم کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان پوسٹ، جرمن سفیر مراد سعید کی کاوشوں کے معترف

ذرائع نے مزید بتایا کہ ن لیگ کے ڈاکٹر عبادالرحمان امیر مقام کے بھائی ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے وزارت سے ملک بھر میں جاری منصوبوں پر بریفنگ طلب کرلی ہے۔

خیال رہے کہ مراد سعید کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے مقبول ترین وزیروں میں ہوتا ہے جن کی کارکردگی کی تعریف خود پارٹی چیئرمین اور وزیراعظم عمران خان کئی مرتبہ کرچکے ہیں۔

سابق جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کہا تھا کہ پاکستان پوسٹ کو جدید بنانے کے لئے مراد سعید کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور لگن سے بہت متاثر ہوا ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں جرمن سفیر نے وفاقی وزیر مراد سعید سے ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے کم عمر ترین وفاقی وزیر سے مل کے نہایت خوشی ہوئی۔

جرمن سفیر نے کہا کہ مراد سعید کی قیادت میں پاکستان پوسٹ میں اعتماد اور بھروسہ بڑھے گا۔


متعلقہ خبریں