اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش


اسلام آباد:  اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں بدھ کو گرد آلود ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش کا امکان ہے جبکہ پنجاب،اسلام آباد ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں مزید بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات  کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں اکثر مقامات پر جبکہ کوئٹہ، ژوب، قلات، نصیرآباد اور سبی ڈویژن میں بارش کا امکان ہے جبکہ سکھر ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہوائیں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

آج ملکہ کوہسار مری اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جبکہ پشاور، مالاکنڈ، کوہاٹ، سوہاوہ، میانوالی، شاہپور، دریاخان، چکوال، ضلع غذر، عیسٰی خیل اور بنوں سمیت مختلف علاقوں  میں بارش، آندھی اور کہیں کہیں ژالہ باری ہوئی ہے۔

ملک وال میں شہر اور گردونواح میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ سوہاوہ شہر میں شدید آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ مضافاتی دیہات  ژالہ باری بھی ہوئی۔

سوہاوہ کے دیہی علاقوں میں ژالہ باری سے گندم کی تیار فصل کو۔نقصان پہنچا ہے۔

اسی طرح میانوالی شہر اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے اور کاشت کار پریشان ہیں۔

شاہپور شہر اور گردونواح میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ  بارش ہوئی جبکہ دریاخان میں بارش کے بعد شہر کی بجلی بند ہوگئی۔ تیز ہوا سے گندم کی فصل کو نقصان ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: شدید آندھی اور بارش، پانچ افراد جاں بحق، متعدد زخمی

چکوال شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ضلع غذر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ عیسٰی خیل اور گردنواح میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔

بنوں شہر میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

بارشوں سے فصلوں کو نقصان

چار روز قبل اب   بارشوں سے فصلوں کی تباہی کے بارے میں محکمہ زراعت پنجاب کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حالیہ  بارشوں سے مجموعی  طور پر 6لاکھ63ہزار1سو92 ایکڑ پرکاشت کی گئی مختلف فصلیں متاثر ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق طوفانی بارشوں اور ژالہ باری نے سب سے زیادہ گندم کی فصل کو متاثر کیا۔ بارشوں سے 5 لاکھ 65 ہزار ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصل تباہ ہوگئی۔ گندم کی فصل کی تباہی سے کاشتکاروں کو آٹھ ارب روپے کا نقصان ہوا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  تین ہزار ایک سو 23 دیہات ایسے ہیں جہاں گندم کی فصل تباہ ہوگئی ہے۔  14 ہزار 9 سو 82 ایکڑ رقبہ ایسا ہے جہاں سو فیصد گندم کی فصل تباہ ہوئی۔

گندم کی فصل کا 11 ہزار 5 سو 18 ایکڑ رقبہ پچھتر فیصد متاثر ہوا ہے ۔ ایک لاکھ 77 ہزار 55 ایکڑ رقبہ پر گندم کی فصل پچاس فیصد متاثر ہوئی ہے۔ گندم کی فصل کا 3 لاکھ 62 ہزار 3سو 36 ایکڑ رقبہ پچیس فیصد متاثر ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق  جھنگ،خانیوال،ڈی جی خان اور چکوال میں گندم کی فصل سو فیصد متاثر ہوئی۔  ڈویژن کی سطح پر فیصل آباد میں سب سے زیادہ گندم کی فصل کو نقصان پہنچا۔ فیصل آباد ڈویژن میں گندم کی فصل سب سے زیادہ کاشت ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:ملک بھر میں بارشیں اور سیلابی ریلے،گندم سمیت ہزاروں ایکڑ فصل تباہ

رپورٹ کے مطابق بارشوں سے مکئی،کپاس،گنا،باجرہ،چارہ اور سٹابری کو بھی نقصان پہنچاہے۔ سورج مکھی،کینولہ،تمباکو، اسپغول اور سبزیاں بھی حالیہ بارشوں اور ژالہ باری سے متاثر ہوئی ہیں۔

محکمہ زراعت  پنجاب کے مطابق کل پانچ ہزار دو سو بائیس دیہاتوں میں مقیم کاشکاروں کی  فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں