بلوچستان: تیز بارشوں اور مٹی کے طوفان کا امکان، ہائی الرٹ جاری

بلوچستان میں آج تیز آندھی اور طوفانی بارش کا امکان

کوئٹہ: بلوچستان میں تیز بارشوں اور مٹی کے طوفان کے امکان کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے اعلامیے کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارشوں کے ساتھ گردوغبار اورمٹی کے طوفان کا امکان ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی، مغربی بلوچستان کے بالائی اور درمیانی علاقوں میں منگل سے جمعرات تک نئی موسمیاتی لہرکے تحت بارشوں کانیا سلسلہ داخل ہوگا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق چند مقامات پر مٹی اور گردآلود ہوائیں چلنے کاامکان ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں اس سال گرمی جلدی نہیں آئے گی

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، قلات، ژوب، نصیرآباد اور سبی ڈویژن کے مختلف اضلاع متاثر ہوسکتے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام ضلعی ڈیزاسٹرمینجمنٹ حکام کوحفاظتی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کو کہا گیا کہ تمام مشینری و دیگر آلات کی فراہمی سمیت ہنگامی بنیادوں پر عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔

پی ٹی ایم اے نے شہریوں کو پکنک پوائنٹس اور سیاحتی مقامات پر نہ جانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

خیال رہے کہ تین مارچ کو خیبرپختونخوا (کے پی) اوربلوچستان میں بارشوں کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہوئے تھے۔

اس سے قبل فروری میں طوفانی بارشوں نے صوبے کے بعض علاقوں میں تباہی مچادی جس کی وجہ سے تین گاؤں زیرآب آگئے ہیں۔

لسبیلہ کے سیلابی ریلے میں بہنے سے چار افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ لوگوں کے مال مویشی پانی میں بہہ گئے ہیں، وہ نقل مکانی پر مجبور اور حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔

جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں سول اسپتال اوتھل منتقل کی گئیں جن کی شناخت سلیمان اور پنوں کے نام سے ہوئی۔

خراب صورتحال کے باعث رات گئے لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی جب کہ ریسکیو اہلکاروں نے سیلابی ریلے میں پھنسے 70 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔


متعلقہ خبریں