ایران کے ساتھ چین جیسے تعلقات چاہتے ہیں، عمر چیمہ


اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، بعض حلقے محض ان کے بیان کا ایک حصہ چلا کر لوگوں کی توجہ اصل مسائل سے ہٹا رہے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ایران کا دورہ بہت اچھا رہا ہے جس سے دونوں ممالک کے مابین غلط فہیموں کو دور کرنے میں مدد ملی، ہم ایران کے ساتھ چین جیسے تعلقات چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران ہمارا اسلامی برادر ملک ہے ہم چاہتے ہیں کہ بھارت، افغانستان کی طرح ایران کے ساتھ بھی تعلقات بہتر بنائے جائیں۔

وزیراعظم کی بات کی اہمیت دیگر اداروں کی بات سے زیادہ ہوتی ہے، روحیل اصغر

رہنما مسلم لیگ ن روحیل اصغر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی بات کی اہمیت دفتر خارجہ یا کسی دوسرے ادارے کی بات سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔

وزیراعظم کے ایران میں دہشت گردی کے حوالے سے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی بات کرنے کا ایک فورم ہوتا ہے، سیکیورٹی کے حوالے سے بات چیت دفتر خارجہ یا دیگر اداروں کے لوگوں کو بھیجا جا سکتا تھا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو بلوچستان کا اتنا ہی احساس ہے تو اب تک کلبھوشن کو پھانسی چڑھا کر اس کی لاش بھارت بھیج دی جانی چاہئے تھی۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ زور و شور سے تخت لاہور کے نعرے لگاتے ہیں، ان میں سے کوئی ایک بھی ایسا نہیں ہے جس کا گھر لاہور میں نہ ہو۔

عمران خان نے قوم کو سنہرے خواب دکھا کر دھوکہ دیا، عاجز دھامرا

رہنما پیپلز پارٹی عاجز دھامرا نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو سنہرے خواب دکھا کر دھوکہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناقص کارکردگی پر وزرا کو تبدیل کیا گیا جس میں وزیر داخلہ کا بھی قلمدان بدلا جبکہ وزارت داخلہ عمران خان نے خود سنبھالی ہوئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے بیان پر بھارت میں میڈیا کیا کہہ رہا ہے اب ایران کے پاس جواز آ گیا ہے کہ وہ عمران خان کے بیان کو پاکستان کے خلاف استعمال کرے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کنٹینر کی سیاست سے باہر نہیں آئی، عمران خان اور بانی ایم کیو ایم کے بیان میں کوئی فرق نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں