پشاور ائیر پورٹ پر شارجہ سے آنے والا طیارہ لینڈنگ کے دوران پھسل گیا


پشاور: نجی ایئرلائن کی شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز کا طیارہ سلپ ہونے کے باعث کچے میں جا اترا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ پرواز پی اے 613 میں 150 سے زائد مسافر اور عملے کے اراکین سوار تھے۔

بتایا جارہا ہے کہ طیارہ رن وے پر بارش کے پانی سے سلپ ہونے کی وجہ سے رن وے کو بھی نقصان پہنچا جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ہنگامی حالات کے باعث رن وے کو کچھ دیر کے لیے بند بھی کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز حادثے سے بچ گئی

ذرائع کے مطابق رنوے کی بندش کے باعث پی آئی اے کی بیرون ملک سے آنے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی۔

دوسری جانب ایئر پورٹ مینیجر عباد الرحمان عباسی نے بتایا کہ ایئر پورٹ کو جہازوں کے آمد ورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

عباد الرحمان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ مسافر خیریت سے ہیں جنہیں لاؤنج منتقل کردیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ذرائع کے مطابق تمام ڈیڑھ سو مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ رن وے عارضی طور پر بند ہونے کے بعد کھول دیا گیا ہے۔

19 اپریل کو کراچی سے اسلام آباد جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 370 حادثے سے بچ گئی تھی۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ قومی ایئرلائن کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے کیبن کا آکسیجن پریشر کم ہو گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پریشر کم ہونے سے ایئربس اے 320 جہاز کی کمزور ونڈ اسکرین میں بھی کریک پڑ گیا تاہم کپتان نے طیارے کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا تھا۔


متعلقہ خبریں