لاہور: فیکٹری ملازم اکاؤنٹ میں 50 لاکھ کی موجودگی پر ہکا بکا

فوٹو: فائل


لاہور: فیکٹری ملازم کے اکاؤنٹ میں بھی 50 لاکھ روپے نکل آئے۔

لاہور کا رہائشی علی احسن اتنی خطیر رقم اپنے اکاؤنٹ میں سن کر ہکا بکا رہ گیا جب کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے اس کی طلبی کا پروانہ جاری کردیا۔

ہم نیوز کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے فیروز والا کے رہائشی علی احسن کو 24 اپریل کو طلب کرلیا ہے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق علی احسن کو اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت دیگر کے خلاف ہونے والی تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔

لاہور کے رہائشی علی احسن کے مطابق وہ ایک کیمیکل فیکٹری میں معمولی تنخواہ پر ملازم ہے اور اس کا کوئی بینک اکاؤنٹ بھی نہیں ہے۔

علی احسن کا کہنا ہے کہ اس کا اکاؤنٹ کب کھلا؟ کس نے کھولا؟ اورکس نے اس کے اکاؤنٹ میں 50 لاکھ روپے کی خطیر رقم جمع کرائی؟ وہ کچھ نہیں جانتا ہے۔

کراچی میں اس سے قبل گزشتہ سال رکشہ ڈرائیور کے نام پر موجود بینک اکاؤنٹ سے دو ارب 50 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشنز کا انکشاف ہوا تھا۔

اورنگی ٹاؤن کے رہائشی رشید نامی شخص کو ایف آئی اے نے بلاکر تفتیش بھی کی تھی۔ اس سے قبل فالودے فروخت کرنے والے کے اکاؤنٹ سے بھی دو ارب روپے نکلنے کا انکشاف ہوا تھا۔

سیالکوٹ کے شہری مذاکر حسین کے اکاؤنٹ سے بھی کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز کی ٹریل مل چکی ہے۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے رہائشی شربت فروش عبدالقادر کے اکاؤنٹ سے بھی دو ارب 25 کروڑ روپے منتقل ہونے کا انکشاف ہوچکا ہے۔

 


متعلقہ خبریں