راولپنڈی: ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے 20 سالہ نوجوان دم توڑ گیا

راولپنڈی:ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے 20 سالہ نوجوان دم توڑ گیا

راولپنڈی: ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے راولپنڈی کا رہائشی 20 سالہ نوجوان دم توڑ گیا۔ لواحقین نے نعش سڑک پہ رکھ کر شدید احتجاج کیا۔

ہم نیوز کے مطابق 20 سالہ نوجوان شاکر علی کو پیٹ میں تکلیف کے باعث راولپنڈی کے علاقے صدیقی چوک میں واقع ہیلتھ کیئر سینٹر لایا گیا تھا۔

شاکر علی کے لواحقین کے مطابق ڈاکٹر نے اسے انجکشن لگایا تو اس کی حالت غیر ہوگئی جس کے بعد اسے ہنگامی بنیادوں پر ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔


متوفی شاکر علی کے کزن سمیت دیگر لواحقین نے نعش کو سڑک پہ رکھ کر گھنٹوں احتجاج کیا۔ متاثرین نے اس دوران سڑک کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا اور ٹائر جلا کر بھی احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ہم نیوز کے مطابق شاکر علی کے ورثا کے احتجاج کے دوران اسپتال میں موجود ڈاکٹرز اور اسٹاف وہاں سے غائب ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چودھری محمد علی رندھاوا نے اس صورتحال پر محکمہ صحت سے واقع کی تحقیقات کرنے کا کہا ہے جب کہ ورثا کو اے ایس پی نیو ٹاؤن ضیا الدین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے ساتھ انصاف ہو گا۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ دنوں ایک معصوم بچی نشوا کا کیس سامنے آیا تھا جس میں ڈاکٹروں نے غلط انجکشن لگایا تو اس بچی کی حالت غیر ہوگئی جس کے بعد اسے لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں کئی روز موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وہ کمسن دار فانی سے کوچ کرگئی۔

اس ضمن میں ہونے والی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ غلط انجکشن لگنے سے نشوا کا 71 فیصد دماغ مفلوج ہوگیا تھا کیونکہ اسے آکسیجن پہنچنا بند ہوگئی تھی۔

گلستان جوہر کے بعد کراچی ہی کے علاقے کورنگی کے سرکاری اسپتال کا واقعہ سامنے آیا جہاں دانت میں درد کا علاج کرانے کے لیے آنے والی 19 سالہ عصمت اپنی جان کی بازی انجکشن لگنے کے بعد ہار گئی۔


متعلقہ خبریں