بلوچستان میں گردآلود ہوائیں، اسلام آباد سمیت پنجاب میں بارشیں

بلوچستان میں گردآلود ہوائیں، اسلام آباد سمیت پنجاب میں بارشیں

بلوچستان/ پنجاب/ اسلام آباد: طوفانی ہواؤں کا ایک مغربی سلسلہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے جس سے تیز ہواؤں کے گرد آلود جھکڑ چلنے لگے اور ہر چیز گرد سے اٹ گئی جب کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ  ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہوائیں چلیں اور بارش نے موسم خوشگوار کردیا۔ آزاد کشمیر میں بھی ہونے والی بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کی بندش نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کردیا۔ متعلقہ محکموں کے مطابق آندھی کے رکتے ہی بجلی بحال ہوجائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق بلوچستان کے شہر چمن سمیت اطراف کے علاقے مٹی اور ریت کے طوفان کی لپیٹ میں آگئے ہیں جس کی وجہ سے بازار وقت سے پہلے بند کردیے گئے اور چہار سو پھیلنے والی مٹی اور ریت نے ہر چیز کو ڈھانپ دیا ہے۔

بلوچستان سے موصولہ اطلاع کے مطابق کئی علاقوں سے سائن بورڈز اور چھوٹے درختوں کے گرنے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق نوشکی میں بھی پوری شدت کے ساتھ طوفانی ہواؤں کے چلنے کی اطلاعات ہیں ۔ نوکنڈی اور اطراف کے علاقوں میں بھی تیز بارش کی اطلاع ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، لاہور، پاک پتن، سرگودھا اور آزاد کشمیر  سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والی تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے البتہ کچھ علاقوں سے حبس بڑھنے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق لاہور میں گرمی کا زور ٹوٹا تو بجلی کی بندش نے شہریوں کی اذیت میں اضافہ کردیا۔ لیسکو ترجمان کے مطابق شہر میں 170 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے ہیں۔

ترجمان لیسکو کے مطابق آندھی کی شدت کم ہوتے ہی فیڈرز کی بحالی شروع ہوگئی ہے اور لیسکو فیلڈ اسٹاف بجلی کی بحالی کے کاموں میں مصروف ہے۔

ہم نیوز نے لیسکو ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ آندھی رکنے پر تمام فیڈرز بحال ہو جائیں گے۔

تیز آندھی کے باعث کینال روڈ لاہورمیں درخت بھی گرگئے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ ہم نیوز کے مطابق ٹریفک پولیس کے اہلکار گرنے والے درخت کو ہٹانے میں مصروف ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی کو بحال کرا سکیں۔

پاک پتن اور اس کے گرد ونواح میں بھی تیز آندھی چلنے کے سبب شہر پر گرد و غبار چھایا ہوا ہے اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ آسمان پر گہرے بادلوں کا ڈیرہ ہے۔

گجرات سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آندھی اور گرد و غبار کے بعد تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے موسم خوشگوار ہوا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق گجرات میں بھی طوفانی آندھی کے باعث متعدد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں