گوجرانوالہ: ہوٹل کی کھڑکی سے چھلانگ لگا کر چینی شہری کی مبینہ خود کشی

گوجرانوالہ: ہوٹل کی کھڑکی سے چھلانگ لگا کر چینی شہری کی مبینہ خود کشی

گوجرانوالہ میں چینی شہری نے مبینہ طور پر خود کشی کرلی ہے ۔ گوجرانوالہ پولیس کے مطابق ژہائو ڈیانگو نامی شہری مقامی سیڈ کمپنی میں پیپر ٹیکنیشن تھا۔

پولیس کے مطابق چینی شہری نے  ہوٹل کی  کھڑکی  سے  چھلانگ لگا کر خود کشی کی ہے۔  فیکٹری مالکان نے 19 اپریل کوچینی شہری کو  پاکستان بلایا تھا۔

سٹی پولیس آفیسر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ  قانونی کارروائی کے بعد چینی باشندے کی لاش چین  بجھوائی جائے گی۔

یاد رہے دو روز قبل سپر مارکیٹ اسلام آباد  سے لاپتہ ہونے والے چینی باشندے کی نعش اقبال ٹاؤن راولپنڈی سے برآمد ہوئی تھی۔ چینی باشندہ لی جنک نیوگ 15 اپریل کو لاپتہ ہو گیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ چینی باشندے کی نعش ایک نالے سے برآمد ہوئی ہے اور بظاہر سر پر چوٹوں کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔

چینی باشندے لی جنک نیوگ کی گمشدگی کا مقدمہ تھانہ کوہسار پولیس نے اس کے دوست کی درخواست پر درج کیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق اب تک کی ملنے والی اطلاعات کے مطابق چین کا شہری گزشتہ ہفتہ ہی اسلام آباد پہنچا تھا اور جب دوا لینے گھر سے نکلا تو واپس نہیں لوٹا تھا۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق چینی باشندے لی جنگ نیوگ کے ضمن میں پولیس ہر پہلو سے جائزہ لے کر تفتیش کررہی ہے تاکہ حقائق تک پہنچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے:اسلام آباد : سپر مارکیٹ سے لاپتہ چینی باشندے کی نعش برآمد

ہم نیوز کو پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آرہی ہے کہ شاید چینی باشندے کے ذہنی توازن کا بھی کوئی مسئلہ تھا تاہم یہ بھی ممکنات میں سے ہے کہ موت کا سبب حادثاتی ہو۔


متعلقہ خبریں