تحریک انصاف کا 23ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی آئین پیش کرنے کا اعلان

تحریک انصاف کا 23ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی آئین پیش کرنے کا اعلان

پاکستان میں برسر اقتدار پارٹی پاکستان  تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے  23ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی آئین پیش کرنے کا اعلان کردیاہے ۔  یکم مئی کو پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کے موقع پر بانی چیئرمین اور وزیراعظم عمران خان پارٹی آئین کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

پی ٹی آئی کے اعلامیے کے مطابق یوم تاسیس کی مرکزی تقریب کی تیاریوں کے حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس ہوا۔ چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے اجلاس کی صدارت کی۔ مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد، سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ اور سینٹر فیصل جاوید سمیت دیگر پارٹی رہنما  بھی موجود تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ تحریک انصاف کے یوم تاسیس کی مرکزی تقریب یکم مئی کو جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی،یوم تاسیس کی مرکزی تقریب کے انتظامات بروقت مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

بانی چیئرمین و وزیراعظم عمران خان  پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس کی مرکزی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے اس موقع پر کہا کہ 23واں یوم تاسیس ہماری سیاسی تاریخ میں اہم سنگِ میل کی حیثیت کا حامل ہے۔ تحریک انصاف 23 برس کی طویل اور صبرآزما جدوجہد کے بعد آج تاریخ میں اہم مقام پر کھڑی ہے۔

سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ تحریک انصاف کو صحیح معنوں میں جدید سیاسی ادارہ بنانے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ 23ویں یومِ تاسیس کے موقع پر قوم و کارکنان کو پارٹی آئین کا تحفہ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیے:سیف اللہ نیازی پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر مقرر

بانی چیئرمین و وزیراعظم عمران خان اس تاریخی موقع پر نئے پارٹی آئین کاباضابطہ اعلان کریں گے۔ پارٹی آئین کی منظوری کے بعد مرکزی و صوبائی سطح پر تنظیمی ڈھانچے تشکیل دئیے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں