پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں، صمصام بخاری


لاہور: وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب صمصام بخاری نے کہا ہے کہ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں اور اس حوالے سے افواہیں بے بنیاد ہیں، سیننیئر پارٹی رہنما جہانگیر ترین اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی ایک ہی صف میں ہیں۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ مستقل ہونے کے لیے کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازم چار سال سے تین سال کی کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس کے دوران رمضان پیکج کی منظوری دی گئی، مبارک ماہ کے دوران 309 رمضان بازار لگائے جائیں گے۔

صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان کے دوران ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا جبکہ نو سو اڑسٹھ قیمتوں کو کنٹرول کرنے والی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزرا اور اراکین صوبائی اسمبلی رمضان کے دوران بازاروں کا وزٹ کریں گے۔

مزید پڑھیں: پارٹی میں اختلافات نہیں ہیں، متحد و متفق ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران پنجاب گروتھ اسٹریٹیجک بل، ہیلتھ فاؤنڈیشن اور مدرسوں کی مانیٹرنگ کی منظوری دی گئی۔

صمصام بخاری نے واضح کیا کہ جن مدارس پر الزام نہیں ان کے معاملات پر قدغن نہیں ہوگا۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے سروے کے بعد کسانوں کی مدد کی جائے کی جبکہ مالی سال 2016-17 کی آڈٹ رپورٹ پیش کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ تشہیری بجٹ کو رمضان سبسڈی میں ضم کیا گیا ہے، عام مارکیٹ سے ہٹ کر رمضان بازار میں حکومت اپنے بجٹ سے سبسڈی دے گی۔

وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب صمصام بخاری کا مزید کہنا تھا کہ اشیا کا معیار اور قیمت حکومت کی ترجیح میں شامل ہے۔

دوسری جانب جہانگیر ترین نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ سردار عثمان بزدار کو پارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے اور وہ اپنی مدت پوری کریں گے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ میرے حوالے سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی تبدیلی کے متعلق چلنے والی خبریں سر ا سر بے بنیاد ہیں، ایسی من گھڑت خبریں جان بوجھ کر پارٹی میں تقسیم پیدا کرنے کے لیے لگوائی جا رہی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جعلی پروپیگنڈا کرکے پارٹی میں انتشار پھیلانے والے عناصر کبھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔


متعلقہ خبریں