عثمان بزدارکو پارٹی کی حمایت حاصل ہے،وہی وزیراعلیٰ رہیں گے،جہانگیرترین


اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کردی ہے۔

جہانگیرترین کا کہنا ہے کہ سردار عثمان بزدار کو پارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے، وہ اپنی مدت پوری کریں گے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ان کے حوالے سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی تبدیلی کے متعلق چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی من گھڑت خبریں جان بوجھ کر پارٹی میں تقسیم پیدا کرنے کے لیے لگوائی جا رہی ہیں، پروپیگنڈا کر کے پارٹی میں انتشار پھیلانے والے عناصر کبھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

دوسری طرف اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی حمایت کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ق ان کے ساتھ ہے۔

انہوں نے مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہیٰ اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کسی سے رابطے کی ضرورت نہیں، یہ خبر سراسرغلط ہے۔

یہ بھی پڑھیں پانچ سال پورے کریں گے، گورنری نہیں چھوڑوں گا، چوہدری سرور

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ایک سوال پر کہا کہ کابینہ میں ردوبدل وزیراعظم یا وزیراعلیٰ کا حق ہے، وہ کارکردگی کی بنیاد پر جسے وزیر لانا چاہیں، ان کا اختیار ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف میں اختلاف جمہوریت کا حسن ہے۔

وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے بھی اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وزیراعلیٰ کے پیچھے ہیں۔

یاد رہے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ میں تبدیلیوں کی خبریں مسلسل گردش میں ہیں، اس حوالے سے جہانگیر ترین کی کئی اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقاتوں کی خبر بھی آچکی ہے تاہم انہوں نے عثمان بزدار کی تبدیلی کی خبروں کی تردید کردی ہے۔


متعلقہ خبریں