’بلاول صاحبہ‘ کی طرح پرچی پر نہیں آیا، عمران خان


وانا: وزیراعظم عمران خان نے وانا میں اپنے خطاب کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو صاحب کی بجائے صاحبہ کہہ دیا۔

اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جو لمبی جدوجہد کے بعد اوپر آتا ہے اسے خوف نہیں رہتا، میں بلاول بھٹو صاحبہ کی طرح پرچی کے ذریعہ نہیں آیا تھا اور نہ ہی جنرل جیلانی کی وجہ سے وزیر اعلیٰ بنا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرے اقتدار میں آنے کا مقصد کرپٹ لوگوں کو شکست اور ملک کو ترقی دینا ہے۔

مزید پڑھیں: ملک میں پیسہ کم ہے تھوڑا صبر کریں، وزیراعظم عمران خان

بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کے بیان کے ردعمل میں اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کو بڑے عہدوں پر چھوٹے لوگوں کے بیٹھنے کا ٹویٹ یاد دلا دیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی اپنی ٹوئٹ میں عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ  وزیراعظم کا بیان قابل نفرت ہے۔

مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم نواز نے کہا کہ بلاول بھٹو کے بارے میں وزیراعظم کا بیان افسوسناک اور ذہنی پستی کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ کی زبان آپ کی تعلیم، تربیت اور ذہنیت کا خوب بتاتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ کی آج تقریر کے بعد مجھے یقین ہو گیا کہ اللہ آپ کو کبھی عزت نہیں دے سکتا۔


متعلقہ خبریں