جعلی اکاونٹس کیس، نیب نے ملزم محمد حنیف کو گرفتار کرلیا

فوٹو: فائل


راولپنڈی: قومی احتساب بیورو( نیب) نے جعلی اکاونٹس کیس میں اہم ملزم محمد حنیف کو گرفتارکرلیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق ملزم کو پارک لین کمپنی کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، ملزم پارک لین کمپنی کا اکاؤنٹنٹ اور پرتھینان کمپنی کا سیکریٹری ہے۔

ذرائع کا یہ بھی دعوی ہے کہ ملزم نے حبیب بینک سے ڈیڑھ ارب روپے بطور قرضے لیے۔

اسی کیس کے ایک اورملزم  سلیم فیصل نے وعدہ معاف گواہ بننے کی باضابطہ درخواست دے رکھی ہے ۔انہوں نے نیب کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ تمام معاملات پارک لین کی انتظامیہ کے کہنے پر کرتا رہا۔

سلیم فیصل نے انکشاف کیا کہ انٹرنیشنل بزنس اینڈ شاپنگ سنٹر نامی پلازے پر اربوں روپے کا قرض لیا گیا اور پھرڈیفالٹ کروا کر قرضہ خورد برد کیا گیا۔

نیب کی جانب سے پارک لین کیس میں فرنٹ کمپنی کے ڈائریکٹر اقبال نوری خان کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں جعلی اکاونٹس کیس، ندیم بھٹو 5 روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے

یاد رہے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری پارک لین میں 25-25فیصد کے شراکت دار ہیں اور دونوں نیب کے سامنے اس شرکت داری کا اعتراف بھی کرچکے ہیں۔ اسی سلسلے میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو نیب کے سامنے اپنا بیان بھی ریکارڈ کراچکے ہیں۔

پارک لین کیس میں اربوں روپے جعلی بینک اکاونٹس سے بیرون ملک منتقلی اور بینکوں سے اربوں روپے قرضہ لینے کا الزام ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف مبینہ طور پرجعلی اکاونٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا مقدمہ احتساب عدالت اسلام آباد میں زیر سماعت ہے، آصف زرداری اور ان کی ہمیشرہ فریال تالپور نے 29 اپریل تک جعلی اکاونٹس کیس میں عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔

واضح رہے آٹھ اپریل کو احتساب عدالت میں جعلی اکاونٹس کیس کی سماعت کے دوران بھی دو خواتین ملزمان نے وعدہ معاف گواہ بننے کی استدعا کی تھی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے سات جنوری 2018 کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کا معاملہ مزید تحقیقات کے لیے قومی احتساب بیورو کو بھجوایا تھا۔


متعلقہ خبریں