ندیم ملک کے سوالات پر محمدزبیر کے انتہائی اہم انکشافات



اسلام آباد: پروگرام ندیم ملک لائیو میں تحریک انصاف کے وزراء کی کرپشن سے متعلق انتہائی اہم انکشافات سامنے آگئے ہیں۔

پروگرام ندیم ملک لائیو میں میزبان ندیم ملک نے مسلم لیگ ن کے رہنما سے سوال پوچھا کہ تحریک انصاف کے وہ کونسے وزیر تھے جنہوں نے فارما سے کمیشن لیا اور ادویات کی قیمتیں بڑھائیں، اس سوال کے جواب میں محمدزبیرنے عامرکیانی کا نام لیا۔

ندیم ملک نے اگلا سوال پوچھا کہ وہ کون سے دو وزیرہیں جنہوں نے جونئیرسطح کے تقررو تبادلے بھی اپنے ہاتھ میں لیے ہوئے ہیں کیونکہ ان کے مقاصد کچھ اور ہیں، اس کے جواب میں محمدزبیرنے کہا کہ اس حوالے سے یقین نہیں ہے اس لیے نام نہیں لوں گا۔

ندیم ملک نے پھر پوچھا کہ تحریک انصاف کے وہ کون سے وزیر ہیں جنہوں نے فقیر حسین نامی فرنٹ مین رکھا ہوا ہے۔ اس کا بھی محمدزبیرنے جواب نہیں دیا۔

ندیم ملک نے اگلے سوال میں یہ پوچھا کہ کس تحریک انصاف کے رہنما اور گورنر میں ڈیم فنڈ اور ایک سی ای او سے رشوت لینے پر تنازعہ چل رہا ہے، اس پرمحمدزبیرنے کہا کہ یہ عمران اسماعیل اور فیصل واوڈا ہیں، گورنر ہاوس میں فنڈریزنگ میں 78 کروڑروپے جمع ہوئے اور جب خزانے میں جمع کرائے گئے تو وہ 68 کروڑ روپے تھے۔محمدزبیر نے یہ بھی کہا کہ وہ فیصل واوڈا کوجانتے ہیں، وہ دس کروڑغائب نہیں کریں گے کیونکہ ان کے لیے یہ چھوٹی رقم ہے۔

ندیم ملک نے پوچھا کہ تحریک انصاف کے کس گورنر نے ٹیکسٹائل انڈسٹری سے سستی گیس کی فراہمی کے لیے پیسے لیے، اس پر محمدزبیرنے جواب دیا کہ یہ گورنرپنجاب ہیں۔

ندیم ملک نے یہ بھی بتایا کہ اسلام آباد میں افواہ رہی کہ ایک وزیرنے پہلے دن دفتر آتے ہی پوچھا کہ بتاو پیٹرول پمپ لگانے کا کیا طریقہ ہے۔

وزیراعظم کے بیان نے عوام کو شرمندہ کیا ہے،شازیہ مری

پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے آج ایسا بیان دیا ہے جس سے عوام کے ساتھ ساتھ انہیں پسند کرنے والے بھی شرمندہ ہوئے ہیں۔

پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ وزیراعظم نے جو رویہ آج دکھایا ہے اس سے ملک میں بہت سارے لوگوں کو تکلیف ہوئی ہے، انہیں پسند کرنے والے بھی شرمندہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے عوام سے جو کہا تھا وہ اپنی ٹیم پرنافذ کریں، اگرحکومت کے پاس شواہد ہیں تووزرات سے نکالنا کافی نہیں بلکہ اس پر کارروائی کرنی چاہیے۔

شازیہ مری نے کہا کہ روز مرہ کی بنیادوں پرحکومت خود کو مشکل میں ڈال رہی ہے، اپوزیشن چاہتی ہے یہ حکومت کام کرے لیکن انہوں نے آٹھ ماہ میں کوئی کام نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کو بطور وزیراعلی پنجاب ہرصورت کارکردگی دکھانی ہے۔  اندرونی سیاست کے باعث بڑے صوبے کو شرمندہ کرایا ہوا ہے۔

وزیراعظم بولنے سے پہلے سوچتے اور پڑھتے نہیں،محمدزبیر

مسلم لیگ ن کے رہنما محمدزبیرنے کہا کہ یہ کیسے وزیراعظم ہیں کہ وہ بولنے سے پہلے سوچتے نہیں ہیں، وہ ہر موضوع پربولتے ہیں لیکن نہ تیاری کرتے ہیں اور نہ ہی گفتگو میں اپنے آپ پرقابو رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسدعمر کی آج کی تقریر میں وہ وزیراعظم اور موجودہ وزیرخزانہ پرتنقید کررہے تھے لیکن تحریک انصاف والے یہ بات سمجھنے کے بجائے تالیاں بجاتے رہے۔

محمدزبیرنے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی نااہلی تسلیم کرلی ہے کہ وزراء کو فارغ کردیا ہے۔ احتساب ہونا چاہیے کہ عوام سے جو وعدے کیے تھے ان کا کیا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چوہدری سرور نے جو بیان دیا ہے یہ قابل فخر نہیں ہے، اگر ان کے لیے گورنر پنجاب بننا عزت کی بات نہیں ہے تو عمران خان انہیں عہدے سے ہٹادینا چاہیے۔

وزیراعظم عثمان بزدار کےساتھ ہیں،علی نوازاعوان

تحریک انصاف کے رہنما علی نوازاعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خواتین کی عزت کرتے ہیں، وہ اس بیان کے حوالے سے اپنی وضاحت خود دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے دورمیں بھی کبھی معاشی اہداف حاصل نہیں کیے گئے، اصلاحات کے لیے معیشت کی رفتار سست ہے، ہم ٹھیک کرکے جائیں گے۔

علی نوازاعوان نے کہا کہ جب تک عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ ہیں، وہ کارکردگی دکھائیں گے۔


متعلقہ خبریں