وزیر اعظم عمران خان چار روزہ دورے پر چین پہنچ گئے



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان چار روزہ دورے پر چین پہنچ گئے ہیں، وہ وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے پر چین پہنچے۔

بیجنگ پہنچنے پر پاکستان کے سفیر مسعود خالد اور چینی سفیر لی لائفنگ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ روانگی سے قبل ان کے خصوصی طیارے میں فنی خرابی کے باعث تقریباً ایک گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔

روانگی سے قبل اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ چین ہمارا قریبی دوست اور آئرن برادر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین شراکت داری نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کے ساتھ دورے کا آغاز کررہا ہوں اور پر اعتماد ہوں کہ دورے سے دوطرفہ تعلقات  کو مزید وسعت ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دورے میں بہترین دوست صدر شی چن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقاتیں ہون گی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی باہمی احترام پر مبنی ہے جبکہ دونوں ممالک کی دوستی عوام کے دلوں میں ہے، چین کے تعاون اور دوٹوک  حمایت پر شکر گزار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) بیلٹ اینڈ روڈ کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جو ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پر کام کررہے ہیں، پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہوں۔

وزیراعظم کے دورہ چین کے شیڈول کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر بحری امورعلی زیدی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر توانائی عمر ایوب اورزلفی بخاری بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جاپان سے چین پہنچے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا دورہ 25 سے 29 اپریل تک ہوگا اور اس دوران وہ چین ورلڈ ہوٹل میں قیام کریں گے۔

وزیراعظم 26 اپریل بروز جمعہ کی صبح بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ چین نیشنل کنونشن سنٹر پہنچنے پر چینی صدر خود عمران خان کا استقبال کریں گے۔

بیلٹ اینڈ روڈ فورم سے میزبان چین کے صدر شی چن پنگ کلیدی خطاب بھی کریں گے۔ فورم کے دوسرے سیشن سے وزیراعظم عمران خان بھی خطاب کریں گے جو دوپہر ایک بجے ہوگا۔

وزیراعظم دنیا کے سات دیگر ممالک کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے جن میں مصر، ازبکستان، روس، ایتھوپیا، سوئٹزرلینڈ، بیلاروس اورانڈونیشیا شامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں پاک چین فرینڈ شپ ایسوسی ایشن ظہرانہ دے گی جبکہ 26  اپریل بروز جمعہ ہی چینی صدر گریٹ عوامی ہال چین میں وزیراعظم اور دیگر سربراہان کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔

27 اپریل کو وزیراعظم انٹرنشنل کانفرنس سنٹر جائیں گے جہاں چینی صدر ان کے میزبان ہوں گے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی سی پیک پر کام تیز کرنے کی ہدایت

شیڈول کے مطابق وزیر اعظم عمران خان بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے دوسرے روز تین سیشنز میں شریک ہوں گے۔ دوسرے روز  عشائیے میں چینی صدر کی نمائندگی نائب چینی صدر کریں گے۔

اتوار کو وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر شی چن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقاتیں ہو گی جبکہ عمران خان پاکستان بزنس فورم کے ظہرانے میں شرکت کریں گے اور پاکستان پویلین کا دورہ بھی کریں گے۔

اتوار کو وزیراعظم دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ رات کے کھانے میں شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ عمران خان بیچنگ انٹرنیشنل ہارٹیکلچر ایکسپورل 2019 میں شریک ہوں گے۔

شیڈول کے مطابق وزیراعظم چائنہ پویلین کا دورہ کریں گے اور یادگاری پودا بھی لگائیں گے۔

وزیراعظم 28 اپریل اتوار کی رات ساڑھے گیارہ بجے بیجنگ سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے جبکہ29  اپریل کی صبح وہ وطن واپس پہنچیں گے۔


متعلقہ خبریں