سندھ ہائی کورٹ نے ایس ایچ سی سی کے سربراہ کو طلب کرلیا


کراچی: اسپتالوں کی مبینہ غفلت کے باعث معصوم نشوا سمیت دیگر کی ہلاکتوں کے کیسز کے بعد سندھ ہائیکورٹ میں سندھ ہیلتھ کئیرکمیشن کی ناقص کارکردگی کے خلاف درخواست پر عدالت نے سندھ حکومت اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے سربراہ کو دو مئی کو رپورٹ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی غفلت سے غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ اسپتالوں اور کلینکس کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

درخواست گزار اسد افتخار کے مطابق کمیشن نے نشوا کیس میں بھی غفلت کا مظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں غلط انجیکشن لگنے سے جاں بحق ہونے والی بچی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

اپنی درخواست میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ دارالصحت اسپتال میں 95 غیر رجسٹرڈ اور غیر تربیت یافتہ نرسز کام کررہی ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ اتنی بڑی غفلت پر اسپتال کو صرف پانچ لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا لہٰذا سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی مکمل کارکردگی رپورٹ منگوائی جائے۔

اسد افتخار کا درخواست میں کہنا تھا کہ اسپتالوں، کلینکس، لیبارٹریز اور دیگر طبی اداروں کی مکمل نگرانی کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

نشوا کو دارالصحت اسپتال میں غلط انجیکشن لگایا گیا تھا جس سے وہ ابتداء میں معذور ہوئی، پھر اس کےعلاج کی کوششیں کی گئیں، نشوا پہلے دارالصحت اور پھر لیاقت نیشنل اسپتال میں کئی روز تک زیرعلاج رہنے کے بعد دو روز قبل انتقال کرگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں نشوا کے والد کو مبینہ دھمکیاں، ایس پی گلشن کو عہدہ چھوڑنے کا حکم

غلط انجیکشن لگنے سے نشوا کا 71 فیصد دماغ مفلوج ہوا تھا اور دماغ میں آکسیجن نہ پہنچنے کے باعث بچی کے ہاتھ پاؤں بھی ٹیڑھے ہوگئے تھے۔ غفلت برتنے کے الزام میں دارالصحت اسپتال انتظامیہ کیخلاف شارع فیصل میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرانے میں بھی بچی کے والدین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

گزشتہ روز معاملے پر سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن نے غیر تربیت یافتہ عملے کو فارغ کرنے اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آئی جی سندھ اور وزیر صحت عذرا پیچوہو کے ہمراہ نشوا کے گھر پہنچے اور اہلخانہ سے تعزیت کی۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اہلخانہ کے تمام مطالبات پر غور کریں گے۔

اس موقع پر انہوں نے ہیلتھ کمیشن کے خلاف کارروائی کا عندیہ بھی دے دیا۔

نشوا کے والد کا کہنا تھا کیس کے تینوں ملزم گرفتار نہ ہوئے تو بھرپور احتجاج کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا عصمت اور نشوا کے کیسز میں گرفتاریاں کی ہیں جبکہ مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گئے۔


متعلقہ خبریں