جنوبی کوریا پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرے گا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: جنوبی کوریا پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کا سستا قرضہ فراہم کرے گا۔

ہم نیوز کے مطابق فریقین کے مابین رعایتی قرضے کیلئے فریم ورک ارینجمنٹ پر دستخط ہوگئے جس پر دستخط کوریا کے سفیر اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے کئے جبکہ مشیرخزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

رقم کو صحت، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات کے منصوبوں میں خرچ کیا جائے گا۔

دستخطوں کی تقریب سے قبل کوریا کے سفیر اور مشیرخزانہ کے درمیان ملاقات ہوئی جس کے دوران مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

مزید پڑھیں: موجودہ حکومت کو 5 سال میں کتنا غیر ملکی قرض ادا کرنا ہے؟

ڈاکٹر حفیظ شیخ کے مطابق پاکستان میں جاری منصوبوں میں جنوبی کوریا کا تعاون قابل تعریف ہے۔

خیال رہے کہ ملک کی معیشت کی خراب صورت حال کو سنبھالنے کے لیے حکومت مختلف آپشنز پر غور کررہی جس میں آئی ایم ایف سے مزید قرض لینا بھی شامل ہے۔

ہم نیوز کو حاصل ہونے والی دستاویز کے مطابق موجودہ حکومت کو پانچ سال کے دوران 37 ارب 63 کروڑ ڈالرز کی غیر ملکی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیے:پی ٹی آئی حکومت نے کتنا قرض لیا؟ ایوان بالا کو تفصیلات بتادیں

سرکاری دستاویز کے مطابق حکومت کو پانچ سال میں اکتیس ارب ڈالرز قرض جبکہ 6 ارب 60 کروڑ سود ادا کرنا ہوگا۔رواں مالی سال کی ادائیگیاں سات ارب ڈالرز سے زائد کی ہیں۔

حکومت نے رواں سال کے دوران ایک ارب 48 کروڑ ڈالرز سود کی مد میں ادا کرنا ہے۔ آیندہ مالی سال 8 ارب اور سال 2020- 2021 میں میں 7 ارب 45 کروڑ ڈالرز سے زائد قرض ادا کرنا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ستمبر تا دسمبر 2018 کے درمیانی عرصے میں 746 ارب روپے کا اندرونی قرضہ حاصل کیا۔ موجودہ حکومت نے انہی تین ماہ کے دوران 1313 ملین ڈالرز کا بیرونی قرضہ بھی لیا۔


متعلقہ خبریں