اندرون سندھ کالعدم تنظیم کا گڑھ نہیں بننے دیں گے،ایڈیشنل آئی جی

اندرون سندھ کالعدم تنظیم کا گڑھ نہیں بننے دیں گے،ایڈیشنل آئی جی

شکارپور: ایڈیشنل آئی جی پولیس سکھر رینج ڈاکٹر جمیل نے کہا ہے کہ پولیس اور حساس اداروں نے حکمت عملی طے کرلی ہے کہ اندرون سندھ دہشت گرد اپنا گڑھ نہ بنا سکیں۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ کالعدم دہشت گرد تنظیم کوشش کررہی تھی کہ اندرون سندھ اپنی سرگرمیاں تیز کرسکے اور اس مقصد کے لیے بطور خاص خان پورتحصیل کو ٹارگٹ کیا گیا تھا مگر ہم نے بہترین حکمت عملی سے ان کی کاوش پر پانی پھیر دیا۔

ایک سوال پر ڈاکٹر جمیل ایڈیشنل آئی جی پولیس سکھر رینج نے واضح کیا کہ سندھ اور بلوچستان کی سرحدی پٹی 350 کلو میٹر سے زائد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی کالعدم بی ایل اے اور بی آر اے کے دہشت گرد یہی روٹ استعمال کرکے پنجاب تک جاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی اسمگلنگ بھی ماضی میں اسی راستے سے ہوتی رہی تھی۔

ایڈیشنل آئی جی پولیس سکھر رینج کے مطابق ناپختہ اور دشوار گذار راستوں سے ہی دہشتگرد کبھی پیدل تو کبھی خچروں کا استعمال کرتے ہوئے نقل وحرکت کرتے ہیں۔

ڈاکٹر جمیل نے دعویٰ کیا کہ حال ہی میں مارے جانے والے داعش کے دہشت گرد حفیظ پندرانی اور عبد اللہ بروہی اہم دہشت گرد تھے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں دہشتگرد بلوچستان میں موجود دہشت گردوں کے نیٹ ورک سے منسلک تھے۔

ایڈیشنل آئی جی پولیس سکھر رینج ڈاکٹر جمیل نے کہا کہ ہلاک دہشت گرد عبدللہ بروہی شکار پورمیں نیٹ ورک مضبوط کرنے میں سربراہ کا کردارادا کررہاتھا۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے چار اہم ساتھی بھی شکارپورسے ہی گرفتار کئے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں