پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ میں ٹریننگ سیشن



پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ میں ٹریننگ سیشن بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ میں کینٹ کاؤنٹی کے بیکنہم گراؤنڈ میں تین گھنٹے کا بھرپور ٹریننگ سیشن کیا۔

ورلڈ کپ سے قبل گرین شرٹس انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی ۔  تیاری کے لیے پاکستان ٹیم نے کینٹ کے بیکنہم گراؤنڈ میں تین گھنٹے پریکٹس کی ۔ کھلاڑیوں نے نسبتاً سرد موسم میں بیٹنگ اور باؤلنگ کی بھرپور پریکٹس کی ۔ قومی ٹیم  27 اپریل کو کینٹ کے خلاف پریکٹس میچ بھی کھیلے گی۔

واضح رہے  پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف  ٹی ٹوئنٹی میچ 5مئی جبکہ 5میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 8مئی کو کھیلے گی۔ ورلڈ کپ کے مقابلوں کا آغاز 30 مئی سے ہوگا۔ افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان تاریخی اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیزکے خلاف 31 مئی کوکھیلے گی۔ پاکستان کا اپنے روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 16 جون کو ہو گا۔

شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کا فائنل میچ 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ روانگی سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں لگایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:قومی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لیے لندن پہنچ گئی

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر نے ٹیم کی روانگی سے قبل لاہور میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے سب کھلاڑی ترپ کا پتہ (ٹرمپ کارڈ) ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں۔

مکی آرتھر نے کہا کہ ہمارے پاس بولنگ میں ورائٹی ہے۔ پاکستان کی ٹیم میں لفٹ آرم ، رائٹ آرم، رسٹ اسپنر اور آف بریک باؤلر بھی موجود ہیں۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ بابر اعظم ہمارا بہترین بیٹسمین ہے، اگر وہ لگاتار سنچری کرتا رہا تو پاکستان کے پاس بہت اچھا چانس میچ جیتنے کا بنتا ہے لیکن ٹیم صرف ایک کھلاڑی پر اعتبار نہیں کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیت کا دارومدار پورے 15 کھلاڑیوں پر ہوتا ہے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کو ملا کر ٹیم کا اچھا کمبیشن بنتا ہے۔


متعلقہ خبریں