ڈر ہے صاحب، صاحبہ کے معاملے پر اسمبلی میں لڑائی نہ ہو، شیخ رشید


اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مجھے ڈر ہے قومی اسمبلی میں صاحب اور صاحبہ کے معاملے پر لڑائی نہ ہو جائے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صاحب یا صاحبہ کہہ دینا کوئی اتنا بڑا مسئلہ نہی ہے لیکن اس کو ایشو بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اپوزیشن حکومت کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کے لیے بہانے تلاش کر رہی ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ اسد عمر محنتی اور دیانتدار انسان ہیں۔ گزشتہ حکومتوں نے جس طرح ملک لوٹا اس کو چلانا اتنا آسان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر پاکستان کا سرمایہ ہیں میں ان کی واپسی کے لیے عمران خان سے بات کروں گا جب کہ وزیر اعظم اپنے 5 سال پورے کریں گے۔ گزشتہ حکومت قرضہ لے کر عیاشی کر کے نکل گئی لیکن اس کو موجودہ حکومت کو بھگتنا پڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کو جانتا ہوں اور میں عمران خان کو عثمان بزدار کے ساتھ کھڑا دیکھ رہا ہوں۔ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے جانے کی پیش گوئی نہیں کر رہا۔

وفاقی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں اپنے آپ کو وفاقی وزیر اطلاعات کے قابل نہیں سمجھتا، فردوس عاشق اعوان کو وزارت چلانے کا پرانا تجربہ ہے۔

چوہدری نثار سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا وہ اسمبلی میں حلف اٹھا رہے ہیں

عمران خان کا چوہدری نثار کو حکومت میں شامل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ آج ایم ایل ون معاہدے پر دستخط کرنے جا رہا ہوں جو 18 سو کلو میٹر منصوبہ ہے۔ میری کوشش ہے کہ ایم ایل ٹو پر بھی دستخط ہو جائیں جب کہ 12 نومبر کو گروہ بابا نانک ریلوے سٹیشن کا افتتاح کروں گا۔ 14 سال سے بند ماں بچہ اسپتال کا بھی جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے کمیشن کھانے کے لیے صرف انجن خریدے ہیں۔ ہم رحمان بابا کے علاوہ ایک اور ٹرین جلد چلانے جا رہے ہیں جب کہ محکمہ میں جس نے میریٹ کی خلاف ورزی کی اس کو چھوڑوں گا نہیں۔


متعلقہ خبریں