نیب میں پلی بارگین کا نظام بھتہ خوری ہے،حمزہ شہباز



لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے نیب کی جانب سے پلی بارگین کو بھتہ خوری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ  یہ بتائیں کہ جب یہ کسی سے کرتے ہیں تو افسران میں کتنے کروڑوں روپے تقسیم کرتے ہیں، دنیا میں پلی بارگین بھی ہوتی ہے اور لوگوں کو اندر بھی کیا جاتا ہے۔

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ نیب اورمنشاء بم میں کوئی فرق نہیں ہے،منشاء بم لوگوں کی زمینوں پرناجائز قبضہ کرتا تھا، نیب نے ناجائز لوگوں کی روزی روٹی پرقبضہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیازی اور نیب کے گٹھ جوڑ سے ملک سے سرمایہ کار بھاگ گئے ہیں۔ اس ادارے نے ہرعزت دار کو نوٹس بھجوائے جس کے بعد لوگوں نے سرمایہ کاری سےتوبہ کرلی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کا احتساب قوم کرے گے، احتساب کے حق میں ہوں، پہلے میں اس کا سامنا کیا، اب بھی کروں گا، ان لوگوں نے معیشت تباہ کردی ہے، یہ نیب اور نیازی کا گٹھ جوڑ ہے۔

یہ بھی پڑھیں لاہور ہائیکورٹ:حمزہ شہباز کی ضمانت میں 8 مئی تک توسیع

حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک میں اتنی زیادہ مہنگائی ہوگئی ہے کہ تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد مزید مہنگائی ہوگی۔ گیس اور بجلی اسی اسی فیصد مہنگی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آجائے گا، دوسری طرف حکومت کے وزراء پرکرپشن کے الزام ان کے اپنے لوگ لگا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستانی قوم دیکھ رہی ہے کہ انہوں نے آٹھ ماہ میں معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے، ان کے پاس نعرے لگانے کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پہلے دن سے کہتا ہوں یہ کھلاڑی نہیں کھلنڈرا ہے، وانا میں وزیراعظم نے جوزبان استعمال کی اس سے قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے کہ یہ حادثاتی وزیراعظم خواتین کو یہ عزت دیتا ہے۔


متعلقہ خبریں