اسلام آباد، راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش

بیشتر علاقوں میں موسم خشک، بالائی علاقوں میں بارش کا امکان | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ شہر اقتدار میں دن بھر بادلوں اور دھوپ کے درمیان کشمکش رہی تاہم سورج کے ڈھلتے ہی بادلوں نے اپنا اثر دکھانا شروع کردیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ابھی تک اسلام آباد میں چار سے پانچ ملی میٹر بارش ہو چکی ہے۔

طوفانی ہواؤں کا یہ سلسلہ مزید آدھے پونے گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے، اس کے بعد یہ سلسلہ مری اور کشمیر کی طرف بڑھ جائے گا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ طوفانی ہواؤں کا سلسلہ ڈی آئی خان اور بنوں سے شروع  ہوا اور اب تک طوفانی ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 35 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

راولپنڈی میں طوفانی بارش کے باعث متعدد علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی ہے ، اس کے علاوہ تیز ہواوں سے سائن بورڑز اور کئی درخت گرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

صوابی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیاہے۔

ملک میں مغربی ہواوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کے بعد بالائی اور وسطی علاقوں میں آتی گرمی ایک بار پھر تھم گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے آج رات میں مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواوں، آندھی اور گرج چمک کے مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں ژالہ باری کابھی امکان ظاہرکیا گیا ہے۔

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ ڈویژن، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

خراب موسم کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر

اسلام آباد میں بارش اور خراب موسم کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول مثاثر ہوگیا ہے۔ پی آئی اے اور دیگر ایئرلائین کی آٹھ پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

پی آئی اے کی  اسلام آباد  سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 653، اسلام آباد سے کراچی جانے والی پی کے 309 تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔ ابوظہبی سے اسلام آباد  آنے والی ایئر بلیو کی پرواز پی اے 231 بھی تاخیرکاشکار ہے۔

ایئربلیو کی اسلام آباد سے کراچی کی دو طرفہ پروازیں پی اے 204 اور 205، اسلام آباد جدہ سعودی ایئرلائین کی دوطرفہ پروازیں ایس وی 887 اور 886منسوخ ہوگئی ہیں۔

موسم کی خرابی کے باعث  دبئی سے اسلام آباد آنے والی ایئر بلیو کی پرواز پی اے 211 بھی منسوخ ہوگئی ہے۔


متعلقہ خبریں