سری لنکا میں دھماکے، پاکستانی ہائی کمیشن کا انتباہ جاری


کولمبو: سری لنکا میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر کولمبو میں پاکستانی ہائی کمیشن نے انتباہ جاری کردیا ہے۔

ہائی کمیشن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ہونے والے انتباہ میں سری لنکا بالخصوص کولمبو میں سیکیورٹی صورت حال کے پیش نظر تمام پاکستانیوں کو احتیاط برتنے اور عوامی مقامات سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی۔

گزشتہ اتوار کو عیسائی برادری کے تہوار ایسٹر پر سری لنکا میں ہونے والے دھماکوں میں 253 افراد ہلاک ہوگئے۔

سری لنکا کے ہیلتھ حکام نے اس سے قبل ہلاک ہونے والوں کی تعداد 359 بتائی تھی تاہم آج وضاحت کی گئی ہے کہ 253 افراد ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب سری لنکا کے سیکرٹری دفاع ہماسیری فرناینڈو نے ایسٹر بم دھماکوں کی وجہ سے استعفی دے دیا۔

ہماسیری فرناینڈو نے کہا کہ ماتحت اداروں کی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسٹر بم دھماکوں سے پہلے حاصل ہونے والی خفیہ معلومات پر کام کررہے تھے تاہم اسے روکنے میں ناکام رہے۔

مزید پڑھیں: سری لنکا: ایسٹر کے دن 8 دھماکے، ملک بھر میں کرفیولگادیا گیا

اس سے قبل سری لنکا کے ڈپٹی وزیر دفاع رووان وجے وردان نے بتایا تھا کہ ایسٹر کے دن ہونے والے دھماکوں کے ماسٹر مائنڈ اور شدت پسند گروپ کے لیڈر نے خودکشی کرلی۔

ڈپٹی وزیر دفاع کے مطابق 9 خودکش بمبار تھے اور ایک نے برطانیہ اور آسٹریلیا سے تعلیم حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آور یقینی طور پر 7،8 سال سے منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

سری لنکا کو امریکہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی خفیہ اطلاعات کےمطابق 9 حملہ آوروں میں سے ایک خاتون تھی۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں مزید حملوں کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

امریکہ کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کے مطابق ایف بی آئی دھماکوں کی تحقیقات میں سری لنکن حکام کی مدد کررہی ہے۔


متعلقہ خبریں