ملک کے مختلف شہروں میں طوفانی ہوائیں اور تیز بارش


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد و راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں چلنے والی تیز آندھی اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کے باعث فیڈرز ٹرپ کر گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

آئیسکو ترجمان کے مطابق گذشتہ رات شدید طوفان سے متاثرہ فیڈرز پر بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ فلیڈ افسران و عملہ نے فوری کارروائی کی اور کم سے کم وقت میں بجلی بحال کی۔صارفین انفرادی کمپیکٹ کی صورت میں آئیسکو ہیلپ لائن 118 پر کال کریں۔

ہم نیوز نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسلام آباد و راولپنڈی میں شدید آندھی آئی اور 60 سے 80 کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چلنے والی تیز ہواؤں اور بارش کے باعث ایمبیسی روڈ اور آب پارہ سمیت مختلف علاقوں میں درختوں کے گرنے کی اطلاعات ملی ہیں جس کی وجہ سے کچھ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

طوفانی ہواؤں کی وجہ سے آئیسکو ریجن کے300 کے قریب فیڈرز ٹرپ کر گئے تھے اور متعدد علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق خراب موسم کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثرہوا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے اضلاع مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت گرد و نواح میں بھی تیزہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

ہم نیوز کے مطابق مری میں ہونے والی تیز بارش نے بھی بجلی کی فراہمی معطل کردی۔

یہ بھی پڑھیے:اسلام آباد، راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش

جہلم اور لیہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جب کہ شیخو پورہ اور لاہورسے ہلکی بارش ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔


متعلقہ خبریں