اپوزیشن کا ڈیم فنڈ کی تفصیلات ایوان میں پیش کرنے کا مطالبہ


اسلام آباد:اپوزیشن نے  ڈیم فنڈ کی تفصیلات ایوان میں پیش کرنے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ مسلم لیگ ن کی رکن مریم اورنگزیب نے ڈیم فنڈ کی تفصیلات ایوان میں پیش کرنے کا مطالبہ کردیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا اب تک کتنی رقم ڈیم فنڈ میں جمع ہوئی اور یہ فنڈ ریزنگ کب تک جاری رہے گی؟وزیر آبی وسائل نے کہا ہے کہ وہ ڈیم فنڈ کی شفافیت سے لاعلم ہیں۔

علی محمد خان نے کہا حکومت ڈیم فنڈ سمیت ہر معاملے میں شفافیت پر یقین رکھتی ہے۔وزیر آبی وسائل ملک سے باہر ہیں، واپسی پر مکمل تفصیل ایوان میں پیش کریں گے۔

وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے کہا کرم تنگی ڈیم کے فیز ٹو میں شمالی وزیرستان کے ایک پورے شہر کے ڈوبنے کا خدشہ ہے۔وزیراعلی نے یقین دہانی کرائی تھی کہ یہ ڈیم نہیں بنے گا۔

وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کرم تنگی ڈیم کے حوالے سے جرگے کیے گئے۔مقامی لوگوں کے خدشات کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔یہ پاکستان اور قبائلی علاقوں کی فلاح کا منصوبہ ہے۔جب تک ایک ایک شخص کو مطمئن نہ کیا، ڈیم نہیں بنے گا۔

ایک دن روزہ، ایک دن عید کا مسئلہ ایوان میں اٹھ گیا

صاحبزادہ صبغت اللہ نے ایک دن روز اور ایک دن عید کا مسئلہ ایوان میں اٹھا دیا۔ انہوں نے کہا کیا وجہ ہے کہ پھر رمضان سر پر ہے اور ایک دن روزہ اور عید پر ہم متفق نہیں ہوسکے ؟
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے ایوان کو بتایا کہ رویت ہلال کمیٹی 1974میں قائم کی گئی۔ روزہ اور عید چاند دیکھ کر ہی کیا جاتا ہے ۔ ایک دن روزہ ایک دن عید پر قانون سازی کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز کو پابند کیا جانا چاہئے کہ وہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان سے پہلے چاند نظر آنے کا کوئی اعلان نہ کریں۔ جو ٹی وی چینل مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان سے قبل اعلان کرے اسے سزا ملنی چاہئے ۔ روزہ اور عید کے لئے چاند کی روئیت شرعی تقاضا ہے البتہ محکمہ موسمیات سے مدد لی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس، ’’نو بے بی نو‘‘ کے نعرے


متعلقہ خبریں