شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا



اسلام  آباد: سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور سابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل  کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا ۔

ایل این جی اسکینڈل میں نام آنے پر سابق وزیراعظم کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی سمیت 7 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب کی سفارش پر چئیرپرسن اوگرا عظمی عادل خان، مفتاح اسماعیل، سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق، مبین صولت، شاہد اسلام الدین اور عامر نسیم کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں۔ قبل ازیں مذکورہ تمام افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل این جی کیس: شاہد خاقان عباسی نے نیب راولپنڈی میں بیان ریکارڈ کرادیا

شاہد خاقان عباسی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

قومی احتساب بیورو(نیب)  نے ایک ماہ قبل وزارت داخلہ کو بذریعہ خط شاہد خاقان عباسی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز ایل این جی اسکینڈل میں نیب کو اپنا جواب ریکارڈ کرایا تھا۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نیب کو مکمل جواب جمع نہیں کراسکے اور نہ ہی مکمل ریکارڈ دے سکے ہیں۔ نیب تسلی بخش جوابات جمع کرانے کیلئے سابق وزیراعظم کو 29 اپریل تک کا مزید وقت دیا ہے۔

ایل این جی کیس کیا ہے؟

سابق وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے سابقہ دورحکومت میں سابق وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت پاکستان ہر سال قطر سے 3.75 ملین ٹن ایل این جی خریدے گا جو کہ پاکستان کی قومی ضرورت کا کل 20 فیصد ہے۔

شاہد خاقان عباسی پرمن پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ دینے کا الزام ہے جس پران سمیت دیگر افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔


متعلقہ خبریں