لاہور: ناقص اشیا بیچنے پر دوکانداروں کو جرمانے اور قید کی سزا

پنجاب فوڈ ایکٹ کے تحت ناقص اشیا بیچنے پر بیکری کو جرمانہ

لاہور:مقامی عدالت نے پنجاب فوڈ ایکٹ کے تحت ناقص اشیا بیچنے پر بیکری مالک  پر جرمانہ عائدکرنے کے ساتھ ساتھ اسے قید کی سزا بھی سنا دی۔

ماڈل ٹاؤن کچہری کی عدالت میں  بیکری اور کریانہ سٹور مالک کی طرف سےناقص اور زائدالمیعاد خورونوش کی اشیاءفروخت کرنے کے خلاف پنجاب فوڈ ایکٹ کے تحت دو مختلف مقدمات پر سماعت ہوئی ۔

عدالت نے حتمی دلائل سننے کے بعد دونوں مقدمات میں جرمانے اور قید کی سزا کا حکم جاری کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ہدایت اللہ شاہ نے دلائل سننے کے بعد جرم ثابت ہونے پر ملزموں کو سزا کا حکم جاری کیا۔

عدالت نےبیکری کے مالک ملزم فقیر محمد کو دو لاکھ روپے جرمانہ اور 2 ماہ قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے خادم کریانہ سٹور کے مالک پر 1 لاکھ روپے جرمانہ اور 1 ماہ قید کی سزا کا حکم جاری کر دیا۔

دونوں ملزمان کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خورونوش کی ناقص اشیاء بیچنے پر ماڈل ٹاؤن کچہری میں استغاثہ دائر کر رکھا تھا۔

ایک ملز پر الزام تھا کہ وہ  بیکری پر زائدالمیعاد بسکٹ شہریوں کو فروخت کر رہا ہے ۔ دوسرے ملزم کے خلاف کریانہ سٹور پر جعلی کولڈ ڈرنکس فروخت کرنے کا الزام تھا۔

درخواست گزار کی طرف سے استدعا کی گئی تھی کہ عدالت ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم جاری کرے۔

ملزمان کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ذاتی رنجش پر استغاثہ دائر کیا۔ عدالت ملزموں کو بری کرنے کا حکم جاری کرے۔

یہ بھی پڑھیے:شہری کا غیر معیاری جوتے فروخت کرنے پر کمپنی کےخلاف صارف عدالت سے رجوع

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان فقیر محمد اور خادم حسین کو قید اور جرمانے کی سزا کا حکم جاری کر دیا۔


متعلقہ خبریں