پیراگوان سوسائٹی کیس، نیب لاہور کی ریفرنس دائرکرنے کی سفارش



لاہور: قومی احتساب بیورو لاہور کے ریجنل بورڈ نے پیراگوان سوسائٹی کیس میں ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کردی ہے۔

قومی احتساب بیورو(نیب) لاہور کے ریجنل بورڈ کا اہم اجلاس ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کی زیر صدارت ہوا جس میں اہم کیسز میں اب تک ہونے والی پیش رفت پر جامع بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں پیراگون سوسائٹی کیس میں جاری تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچاتے کے لیے ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ریفرنس میں خواجہ سعد رفیق،خواجہ سلمان رفیق اور ندیم ضیاء کو بطور مرکزی ملزمان نامزد کیا گیا ہے، تینوں ملزمان پر عوام سے دھوکہ دہی اور مالی بدعنوانی  کا مرتکب ہونیکے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 2003 میں  قیصر امین بٹ اور ندیم ضیاء نے ایئر ایونیو نامی کمپنی تشکیل دی جسے بعد ازاں پیراگون  سٹی پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام منتقل کر دیا گیا، قیصر امین بٹ اور ملزم ندیم ضیاء بطور ڈائریکٹرز پیراگون سٹی نامی سکیم کو آپریٹ کرتے رہے۔

تحقیقات کے نیتجے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزمان کے پاس 1000 کنال کے قریب زمین موجود تھی لیکن انہوں نے 7000 کنال زمین کے لے آئوٹ پلان کی منظوری کیلئے ٹائون پلاننگ سے استدعا کی، پیراگون سٹی نامی ہائوسنگ سکیم تاحال ایل ڈی اے سے منظور شدہ نہیں۔

ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق و سلمان رفیق نے 50 کنال زمین کے عوض 2، 2 کنال کے 20 ڈویلپڈ پلاٹ پیراگون سٹی سے حاصل کئے، پیراگون سٹی ہائوسنگ سوسائٹی کی پراکسی کمپنی کے اکائونٹ سے 5کروڑ 80 لاکھ اور 3 کروڑ 90 لاکھ کی رقوم غیرقانونی طور پر منتقل ہوئیں، ملزمان نےدو کروڑ روپے پیراگون سٹی کے آفیشل اکائونٹ سے وصول کئے جسکی خاطر خواہ وضاحت نہ دے سکے۔

زرائع نیب نے کیس کی تفصیلات بتائیں کہ نیب لاہور نے قیصر امین بٹ کو نومبر 2018 میں گرفتار کیا جو بعد میں کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن گیا۔

نیب لاہور نے ملزمان خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو 11 دسمبر 2018 کو گرفتار کیا جو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، ان دونوں کے خلاف 54 کروڑ سے زائد مالیت پر مشتمل دھوکہ دہی اور مالی بدعنوانی کی 68 شکایات نیب کو موصول ہوچکی ہیں۔

اسی کیس میں ملزم ندیم ضیاء تاحال مفرور ہے، پیراگون سٹی کیس ریفرنس کی حتمی منظوری چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے حاصل کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں