وفاق اور پنجاب کے بعد پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں بھی اختلافات


پشاور: وفاق اور پنجاب کے بعد پاکستان تحریک انصاف خیبرپختون خوا میں بھی اختلافات سامنے آگئے۔ صوبائی وزراء کی تبدیلی سے متعلق بیان پر سینئر وزیر خیبرپختونخوا عاطف خان نے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی پر کڑی تنقید کی۔

جمعے کے روز خیبرپختونخو اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ کابینہ میں ردوبدل سے متعلق خبر میڈیا کو دینے پر خیبرپختون خوا کے سینیئر صوبائی وزیر عاطف خان نے صوبائی وزیر اطلاعات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اطلاعات کو وزراء کی تبدیلیوں کے بیانات کے بجائے اجلاس میں شرکت کرنی چاہیے۔

مزید پڑھیں: پارٹی میں چھوٹے موٹے اختلافات ہوجاتے ہیں، نعیم الحق

سینیر وزیر کا کہنا تھا کہ اگر استعفے منظور نہیں ہوئے تو اپوزیشن اراکین کمیٹی کے رکن ہیں جبکہ وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی وزراء سے متعلق بیانات دینے میں مصروف ہیں۔

اسپیکر مشتاق غنی نے کہا کہ جب شوکت یوسفزئی ایوان میں آئیں گے تو اپوزیشن کو جواب دیں گے۔

شوکت یوسفزئی نے بیان دیا تھا کہ جو بھی وزیر کام نہیں کرے گا، گھر جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پارٹی میں اختلافات نہیں ہیں، متحد و متفق ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ یہ خبر انہوں نے نہیں چلائی چونکہ خبر میں عاطف خان کا نام تھا اس لیے انہوں ان پر چڑھائی کردی۔

اس سے قبل اجلاس کے دوران اپوزیشن رہنما اکرم درانی نے بھی حکومت کےلیے نئی مصیبت کھڑی کردی۔

اجلاس سے خطاب میں انہوں بلین ٹری سونامی میں بڑی کرپشن کا انکشاف کیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپوزیشن پر پوائنٹ اسکورنگ کا الزام لگایا۔


متعلقہ خبریں