ضلع ہنزہ کو پلاسٹک فری بنانے کے لیے طلباء اورمقامی این جی اوز سرگرم



ہنزہ: ضلع بھر کو ایشیا کا پہلا پلاسٹک بیگ فری ضلع بنانے کے لیے طالبعلموں اور مقامی این جی اوز کی جانب سے کوششیں جاری ہیں۔

خوبصورت وادی کو پلاسٹک بیگز سے بچانے اور اس کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے ان کی جگہ کپڑے کے بیگزاستعمال کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے، ماحول کو صاف و شفاف بنانے کے لیے عوام بھی اسے سراہتے ہوئے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیات امین اسلم نے اسی حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ضلع بھر میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پرپابندی عائد کرتا ہوں اور ایسے ایشیاء میں پہلا پلاسٹک فری ضلع بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ضلع کے عوام سے اس لیے بہت زیادہ توقعات ہیں کہ یہاں کے لوگ زیادہ پڑھے لکھے اور باشعور لوگ ہیں۔ یہ فیصلہ قدرتی ماحول کو بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔

امین اسلم نے کہا کہ ہنزہ میں اس منصوبے کا کامیابی کے بعد پلاسٹک فری منصوبے کو اسلام آباد میں بھی لاگو کریں گے اور آئین سازی کے ذریعے ملک بھر کو پلاسٹک فری بنائیں گے۔

انہوں نے مقامی لوگوں کو کپڑے کے تھیلے استعمال کرنے کی طرف راغب کرانے کے لیے کپڑے کے تھیلے بھی تقسیم کیے۔

پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کو ناقابل تلف تصورکیاجاتا ہے اس لیے یہ علاقے میں گندگی پھیلانے کا سبب بنتے ہیں اور جب سیاح بڑی تعدادمیں ان علاقوں کا رخ کرتے ہیں تو ان کی گندگی سے وادی کا حسن مرجھا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں