کندھ کوٹ، کشمور میں چھاپے، ایک ارب 20 کروڑ کی گندم غائب ہونے کا انکشاف

فوٹو: فائل


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) سکھر نے کندھ کوٹ اور کشمور میں گندم کے گودامواں پر چھاپے مارے جس کے دوران ایک ارب 20 کروڑ روپے کی گندم غائب ہونے کا انکشاف ہوا اور گندم کی جگہ بوریوں میں مٹی پائی گئی۔

نیب اعلامیے کے مطابق یہ چھاپے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر مارے گئے۔

نیب نے مجسٹریٹ سکھر کے ہمراہ گندم کے گوداموں کو سیل کردیا جبکہ محکمہ خوراک کندھ کوٹ اور کشمور کے افسران کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ ملزمان سے لوٹی ہوئی ایک ارب 20 کروڑ کی رقم وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کروائی گئی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ذمہ دران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید پڑھیں: کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ترجیح، چیئرمین نیب

خیال رہے کہ چئیرمین نیب جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ترجیح ہے اور کرپٹ افراد کے خلاف کوئی رعایت نہ برتنے کی پولیسی پر گامزن ہیں۔

ایک اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے 1 سو 79 انکوائریوں میں سے 1 سو 5 میں ریفرنس دائر کردیے ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا تھا کہ 15 مقدمات انکوائری اور 19 انویسٹی گیشن کے مراحل میں ہیں۔

مزید پڑھیں: کرپشن کے الزامات پر دو نیب افسران نوکری سے برطرف

انہوں نے بتایا کہ نیب کو 31 جنوری 2019 تک 4 لاکھ 19 ہزار 3 سو 98 بدعنوانی کی درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے نیب نے 13 ہزار 7 سو 22 شکایات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام شکایت میں سے 8 ہزار 8  سو اکاسی انکوائریاں ، 4 ہزار 2 سو انیس کی تحقیقات کی گئی جبکہ 3 ہزار 4 سو 84 بدعنوانی کے ریفرنس متعلقہ عدالتوں میں دائر کئے گئے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے بتایا کہ نیب نے 40 مقدمات قانون کے مطابق نمٹا دئیے ہیں ، مضاربہ اسکینڈل میں 34 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔


متعلقہ خبریں