کراچی: لڑکیوں کو بلیک میل کرنے والا معمر شخص زیرِ حراست


کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے لڑکیوں کو امتحانات میں پاس کرانے اور نوکریوں کا جھانسہ دے کر بلیک میل کرنے والے معمر شخص کو حراست میں لےلیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم جہانگیر نے سوشل میڈیا پر کئی جعلی آئی ڈیز بنا رکھی ہیں جو خود کو اعلیٰ سرکاری افسر سمیت مختلف عہدوں پر فائز ظاہر کیا کرتا تھا۔

حکام نے بتایا کہ ملزم معصوم لڑکیوں کو امتحانات میں پاس کرانے اور نوکریوں کا جھانسہ اور جھوٹے مقدمات کے ذریعے ہراساں کیا کرتا تھا۔

حکام کے مطابق ملزم جو برسوں سے اس مذموم کام میں ملوث تھا، کے خلاف ایف آئی اے کو کئی شکایات موصول ہوچکی تھیں۔

مزید پڑھیں: لاہور میں خفیہ ایجنسی کا اہلکار بن کر بلیک میل کرنے والا گرفتار

ملزم جہانگیر شکار ہوجانے والی لڑکیوں کی تصاویر اور ویڈیوز بناکر بلیک میل کیا کرتا تھا۔ ملزم کو تکنیکی تحقیق کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔

اس سے قبل بھی کئی ایسے واقعات سامنے آچکے ہیں جن میں اپنے کام نکلوانے اور مختلف افراد کو دھوکہ دینے کے لیے کئی افراد نے خود کو اعلیٰ اہلکار ظاہر کرکے لوگوں کو پریشان کیا۔

20 اپریل کو لاہور میں خفیہ ایجنسی کا اہلکار بن کر پولیس کو بلیک میل کرکے مختلف کام کروانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سابقہ بیوی کو بلیک میل کرنے والا شخص گرفتار

سوا آصل کے علاقے سے گرفتار کیے گئے ملزم نے خفیہ ایجنسی کا جعلی کارڈ بھی بنوا رکھا تھا جسے استعمال کرکے وہ پولیس افسران سے مختلف کام کرواتا رہا ہے۔ ملزم نے اسی شناخت کی بنیاد پر کئی شہریوں کو بھی بلیک میل کرتا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے حساس ادارے کی وردی میں اپنی جعلی تصاویر بھی بنوا رکھی تھی۔

2016 میں لاہور میں بھی ایف آئی اے نے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا جس نے جعلی وفاقی وزیر بن کر لوگوں کو مسائل کے حل کے لیے باقاعدہ ایک دفتر کھول رکھا تھا۔


متعلقہ خبریں