اسد عمر کی ناکامی پوری کابینہ کی ناکامی ہے، مصطفیٰ کمال

اسد عمر کی ناکامی پوری کابینہ کی ناکامی ہے، مصطفیٰ کمال

کوئٹہ: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمرکی ناکامی کو پوری کابینہ کی ناکامی کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے ابھی مہنگائی کا ٹریلر دیکھا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اصل مہنگائی تو آئی ایم ایف کے قرضہ پیکج کے بعد آئے گی۔

وہ کوئٹہ میں سانحہ ہزار گنجی میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر انیس قائم خانی اور اشفاق منگی بھی موجود تھے۔

سابق ناظم کراچی سید مصفطیٰ کمال نے کہا کہ قومی اسمبلی میں چاروں صوبوں کی نشستیں برابر ہونی چاہئیں تاکہ جو بھی وزیراعظم بنے اُسے مکمل حمایت حاصل ہو۔

پی ایس پی کے سربراہ نے کہا کہ اختیارات نچلی سطح تک دے دیں، ملک میں کوئی ہتھیار نہیں اٹھائےگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ناراض بلوچوں سے بات کر کے معاملات حل کیے جائیں۔

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم کا اور پی ایس پی کے اختلافات نظریاتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی میری ایم کیو ایم میں واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے لسانی بنیادوں پر ووٹ لیا اور اقوام کو باہم دست و گریباں کرایا جو مجھے قبول نہیں ہے۔

سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہزارہ برادری کی شہادتوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکو مت اور ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ذمہ داران کو کیفرکردار تک پہنچائیں۔


متعلقہ خبریں