نسخے کے بغیر عوام کو اینٹی بائیوٹک دوائیں نہ دی جائیں،وزارت صحت



اسلام آباد : اینٹی بائیوٹیک ادویات کے غیر ضروری استعمال  کے معاملے میں وزارت صحت متحرک ہوگئی ہے ۔ وزارت صحت نے کہا ہے کہ نسخے کے بغیر عوام کو اینٹی بائیوٹک دوائیں نہ دی جائیں۔

وزارت صحت نے اینٹی بائیوٹک اور اینٹی بیکٹیریل دوائیوں سے متعلق قانون پر عملدرآمد کے لیے میڈیکل سٹورز کو مراسلہ جاری کردیاہے۔

مراسلے کے مطابق  اینٹی بائیوٹک اور اینٹی بیکٹیریل ادویات کی فراہمی ڈاکٹری تجویز سے مشروط کردی گئی ہیں ۔

وزارت قومی صحت نے میڈیکل سٹورز سے کہا کہ کہ وہ ڈاکٹر کے تجویز کردہ نسخے کے بغیر اینٹی بائیوٹک اور اینٹی بیکٹیریل ادویات کسی کو نہ دیں ۔

مراسلے میں کہا گیاہے کہ قانون کے تحت اینٹی بائیوٹک اور اینٹی بیکٹیریل ادویات ڈاکٹری نسخے پر دی جانی چاہئیں۔اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی بائیوٹک کا استعمال عوام کے لیے خطرہ اور بہت بڑا چیلنج ہے۔ ڈاکٹری نسخے کے بغیر میڈیکل سٹورز عوام کو یہ دوائیں دیتے ہیں۔

وزارت قومی صحت نے کہاہے کہ غیر ضروری اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی بائیوٹک ادویات کے استعمال کی روک تھام ضروری ہے۔ وزرات صحت نے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں کو بھی مراسلہ بھیج دیاہے۔

یہ بھی پڑھیے:پاکستان میں اینٹی بائیوٹک کے استعمال میں 65 فیصد اضافہ

بنیادی مراکز صحت،پی ایم ڈی سی،ڈریپ کے تمام محکموں کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔ مراسلے میں اینٹی بائیوٹک اور اینٹی بیکٹیریل کے استعمال کا ریکارڈ بھی تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

یاد رہے گزشتہ برس مارچ میں سامنے آنے والی  امریکہ میں کی گئی ایک تحقیق میں کہا گیا تھا کہ گزشتہ 15 برسوں کے دوران پاکستان میں ‘اینٹی بائیوٹکس’ کے استعمال میں 65 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

امریکی تحقیقی جنرل پروسیڈنگ آف نیشنل اکیڈمی آف سائنسز(پی این اے ایس) کی رپورٹ کے مطابق ایشیائی ملک بھارت میں ایسی دواؤں کے استعمال میں دگنا اضافہ ہوا جب کہ چین میں 79 اور پاکستان میں 65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تحقیق کے لیے 76 ممالک سے اعداوشمار جمع کیے گئے۔ نتائج میں بتایا گیا ہےکہ 2000ء سے 2015ء کے دوران ‘اینٹی بائیوٹک’ دواؤں کا استعمال بڑھا۔ ترقی یافتہ یا مالدار ملکوں کے مقابلے میں غریب اور ترقی پذیر ممالک نے ان کا زیادہ استعمال کیا۔

تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی امریکی ریاست بالٹی مور کی جان ہوپکنز یونیورسٹی اور دی سینٹر فار ڈیزیز ڈائنامکس، اکنامکس اینڈ پالیسی کے سائنسدانوں نے کی۔

سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ تمام متاثرہ ممالک کو اینٹی بائیوٹکس کے متبادل علاج، صاف ستھرے ماحول اور ویکسین کے لیے تحقیق کرنے کی ضرورت ہے۔

ایک ریسرچ کے مطابق اینٹی بائیوٹک کا غیر ضروری استعمال خاص طور پر خواتین کے لیے ہارٹ اٹیک اور فالج کا سبب بن سکتاہے ۔


متعلقہ خبریں