’خان صاحب سمجھتی ہے‘ جان بوجھ کر نہیں بولا، بلاول


پشاور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے ’خان صاحب سمجھتی ہے‘ کا جملہ جان بوجھ کر نہیں بولا۔

خیبرپختونخوا میں پارٹی رہنماؤں سے غیر رسمی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اردو پر مکمل عبور نہ ہونے کے باعث انہوں نے خان صاحب سمجھتی ہے کہہ دیا تھا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی سے خیبرپختونخوا کے پارٹی رہنماوں نے ملاقات کی جس میں فرحت اللہ بابر، ہمایوں خان، روبینہ خالد، فیصل کریم کنڈی،  اور دیگر رہنماء شریک تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو کو بلین ٹری منصوبے میں کرپشن کے معاملے پر تفصیلی بریفنگ اور بتایا گیا کہ اس میں ریکارڈ کرپشن ہوئی۔

اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے بی آر ٹی منصوبے میں بے قاعدگیوں سے متعلق بھی بلاول کو آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق بلاول نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام دعووں کی حقیقتیں سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں، پی ٹی آئی کی کرپشن کو ہر سطح پر بے نقاب کیا جائے۔

بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی پی رہنما ہمایوں خان نے کہا کہ پارٹی چیئرمین کے ساتھ ملاقات میں کافی چیزیں زیر بحث آئیں خاص طور پر کے پی میں فنانشل معاملات پر تفصیلی بحث ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے بلین ٹری پروجیکٹ سے متعلق بلاول بھٹو کو بریفنگ دی جبکہ انہوں نے پی ٹی آئی کی کرپشن کو بے نقاب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ہمایوں کان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں ایک ارب درخت لگائے ہیں تاہم چین جاکر انہوں نے پانچ ارب درخت لگانے کا دعویٰ کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان مہنگائی اور مختلف مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے اپوزیشن کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے فاٹا سے متعلق بیانات جھوٹ ثابت ہوں گے، وہاں کی عوام کے ساتھ زیادتی نہیں کی جائے۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ یکم مئی کو مہنگائی کے خلاف مزدوروں کے ساتھ احتجاج کا پروگرام بنایا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ بیلن ٹری پر آئے گی تو ہم رپورٹ کے خلاف نیب میں درخواست دیں گے۔


متعلقہ خبریں