اسرائیل، دبئی ایکسپو 2020 میں شرکت کرے گا

اسرئیل، دبئی ایکسپو 2020 میں شرکت کرے گا

یروشلم : اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ دبئی میں منعقد ہونے والی ایکسپو 2020 میں شرکت کرے گا۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے بعد اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے ایکسپو میں شرکت کے فیصلے کو احسن قدم قرار دیا ہے۔

دبئی میں آئندہ سال ہونے والی عالمی نمائش میں 192 ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے۔ نمائش کا آغاز 20 اکتوبر 2020 کو ہو گا۔

عالمی سیاسی مبصرین کے مطابق نمائش میں اسرائیلی شرکت اس امر کی غماز ہوگی کہ خلیجی ریاستوں میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی پرانی پالیسی میں کچھ تبدیلی رونما ہورہی ہے۔

مؤقر اسرائیلی اخبارات ’ہیرٹز‘ اور یروشلم پوسٹ‘ کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی نمائش دراصل ایسے اجتماعات ہوتے ہیں جہاں دنیا بھر سے جمع ہونے والے لوگوں سے روابط استوار کیے جاتے ہیں۔ وہ ان میل ملاقاتوں کو تعلقات میں بہتری کا ذریعہ بھی قرار دیتے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نیتن یاہو نے دبئی ایکسپو میں اسرائیل کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شرکت اس کی بات کی عکاس ہے کہ اسرائیل کا مرتبہ دنیا اور خطے میں مسلسل بلند ہورہا ہے۔

دلچسپ امر ہے کہ عرب دنیا میں اردن اور مصر کے علاوہ اسرائیل کے کسی بھی ملک کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔

نیتن یاہو کی کابینہ کی خاتون وزیر نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات کا دورہ ضرور کیا تھا جس میں وہ ابوظہبی کی عظیم الشان مسجد کو دیکھنے گئی تھیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ نومبر سن 2018 میں عرب ریاست عمان کا دورہ کر چکے ہیں۔

ایکسپو کے تحت ہر پانچ سال بعد یہ بین الاقوامی نمائش کسی نہ کسی شہر میں منعقد کی جاتی ہے۔

2015 میں یہ بین الاقوامی نمائش اٹلی کے شہر میلان میں منعقد کی گئی تھی۔ 2020 میں دبئی میں منعقد ہوگی جب کہ شیڈول کے مطابق 2025 میں اس عالمی نمائش کا میزبان جاپان کا شہر اوساکا ہو گا۔


متعلقہ خبریں