ٹیم میں فیلڈنگ کے مسائل ہیں جسے دور کر رہے ہیں، بسمہ معروف


کراچی: پاکستانی ویمن ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے کہا ہے کہ ویمن کرکٹ ٹیم میں فیلڈنگ کے مسائل موجود ہیں تاہم انہیں دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیموں کے درمیان 6 مئی سے ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ قومی ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کو دیکھتے ہوئے کھلاڑیوں نے پریکٹس کی ہے جب کہ باؤنسرز کھیلنے کی بھی بھرپور پریکٹس کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں جو غلطیاں ہوئیں ان سے سیکھنے کی کوشش کریں گے۔

قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے، کپتان پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم

کپتان بسمہ معروف نے  کہا کہ ڈائنا کی انجری کافی بڑا سیڈ بیک ہے تاہم فاطمہ ثنا بھی اچھی متبادل ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ساتھ سیریز میں کوشش ہو گی کہ رنز زیادہ سے زیادہ بنائیں جس پر ہم نے بہت کام کیا ہے۔ جنوبی افریقہ کا فاسٹ باؤلنگ اٹیک کافی اچھا ہے تاہم شروع کے اوورز ہم نے نکالنے ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں دورہ جنوبی افریقہ: ویمن کرکٹ ٹیم کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف جیت سے کھلاڑیوں کا مورال کافی بڑھا ہوا ہے جب کہ ہم اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنے کی کوشش کریں گے اور میں بھی اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کروں گی۔

ویمن ٹیم کی کپتان نے کہا کہ پاکستان میں کافی ٹیلنٹ موجود ہے تاہم ان کو پالش کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم نےجنوبی افریقہ کی کھلاڑیوں کی وڈیو کلپس دیکھ کر اسٹریٹیجی بنائی ہے۔

واضح رہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ویمن کرکٹ ٹیم کے ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی اسکواڈ کی کپتان بسمہ معروف ہوں گی جب کہ ثنا میر، ایمن انور، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، جویریہ رؤف، کائنات امتیاز، ناہیدہ خان، نشرح سندھو، ندا ڈار، اومیمہ سہیل، رامین شمیم، سدرہ امین، جویریہ ودود اور سدرہ نواز شامل ہیں۔

ٹی ٹوینٹی اسکواڈ میں ناہید خان کی جگہ ارم جاوید کو شامل کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں