فردوس عاشق اعوان کا سونے کا تاج پہننے سے انکار



سیالکوٹ: وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سونے کا تاج پہننے سے یہ کہہ کر انکار کردیا ہے کہ یہ تاج شوکت خانم کو عطیہ کیا جائے گا۔

فردوس عاشق نے کہا کہ یہ تاج وزیراعظم عمران خان کے حوالے کیا جائے گا جب وہ رمضان میں شوکت خانم کے لیے فنڈریزنگ کے سلسلے میں سیالکوٹ آئیں گے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، پہلے دن سے ان کی جدوجہد اسی کے لیے تھی اور آج بھی ان کی کوششیں جاری ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا میری آواز پاکستان کی ہرخاتون کی آواز ہے، ہم وزیراعظم کی قیادت میں قائداعظم کے پاکستان کی سمت درست کریں گے اور ان کے ویژن کے مطابق بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ چین سے نئے دور کا آغاز ہورہا ہے، پاکستان کو اس سے بہت فائدہ ملے گا،اس سے پاکستان کو عالمی منڈیوں تک رسائی ملے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر لاپتہ ہیں، پہلے اپوزیشن والے انہیں مساجد میں اعلانات اور اخباروں میں اشتہارات سے تلاش کرکے لائیں، پھر وہ عمران خان پر تنقید کریں۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ اپوزیشن لیڈراپنے خاندان کے ہمراہ اپنی کرپشن چھپانے میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی جلد 18 بل پارلیمنٹ میں لے کر آئیں گے جس سے اپوزیشن کی نیندیں حرام ہوجائیں گے۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا ردعمل

فردوس عاشق اعوان کی گفتگو پر پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے کہا کہ ہم نے نااہلی پرفردوس عاشق اعوان کو وزرات سے ہٹایا تھا۔ جسے ہم نے نکالا عمران خان نے اسے اپنا مشیربنالیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فردوس عاشق اعوان اپوزیشن سے حساب مانگنے کے بجائے سرکاری بسوں کا حساب دیں، جن کے مشیر بنتے ہی  نیب نے ان کے خلاف کیس بند کردیا۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ عمران خان کی کابینہ میں پی ٹی آئی کا کوئی بنیادی کارکن نہیں ہے، عمران خان نے اپنی کابینہ میں سارے لوٹے بھرتی کرلئےہیں۔


متعلقہ خبریں