آصف زرداری اور فریال تالپور آج دوعدالتوں میں پیش ہوں گے



اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمیشرہ فریال تالپور احتساب عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاونٹس کیس کی سماعت ہوگی جس میں آصف زرداری، فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوں گے۔ اسی کیس کی گزشتہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹیر نے پیپربک تیار نے ہونے پر عدالت نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی جسے منظور کرلیا گیا تھا۔

سابق صدر اور ان کی ہمیشرہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی پیش ہوں گے جہاں وہ ضمانت قبل از گرفتاری کی مدت میں توسیع کی درخواست پر سماعت ہوگی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈویژن بینچ دو پہر بارہ بجے ضمانتوں میں توسیع کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔

سابق صدر کی عدالتوں میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے، عدالتوں کی طرف جانے والے راستوں کی کڑی نگرانی ہوگی جبکہ اطراف میں موجود بلند عمارتوں پر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے سات جنوری 2018 کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کا معاملہ قومی احتساب بیورو کو بھجوایا تھا اور چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کو ٹیم کا سربراہ مقرر کیا تھا اور اب نیب 29 مشکوک بینک اکاؤنٹس سے 35 ارب روپے منتقل ہونے پر تحقیقات کر رہا ہے۔

قبل ازیں سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے عدالت کو بتایا تھا کہ 104 جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے تقریباً 210 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔


متعلقہ خبریں