ملک بھر میں گرمی نے زور پکڑ لیا، کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ


اسلام آباد: ملک بھر میں گرمی نے زور پکڑ لیا۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہے گا جب کہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں شدید گرمی رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو بھی ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ رہے گا جب کہ گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند مقامات پر گرد آلود ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں مئی کے آغاز کے ساتھ ہی ہیٹ ویو کا خدشہ ہے جو 3 مئی تک جاری رہے گا

کراچی میں ہیٹ ویو کے دوران درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

شہر قائد میں 28 سے 30 اپریل تک پارہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جب کہ ہیٹ ویو کے دوران سمندری ہوائیں بھی معطل رہیں گی۔

ہیٹ ویو سینٹر کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران کراچی میں سمندری ہواؤں کے بجائے شمالی اور شمال مغربی علاقہ سے گرم اور خشک ہوائیں چل سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں محکمہ موسمیات نے کراچی کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا می نمی کم ہونے کی وجہ سے کراچی میں گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی جب کہ صبح کے اوقات میں کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

کراچی کی ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد ہے جب کہ شمال مشرق کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 4 ناٹیکل مائیل ہے۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی آج گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گا جب کہ پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو روز تک موسم گرم اور خشک رہے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز اتوار کو بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا جب کہ مالاکنڈ اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

اتوار کو سب سے زیادہ گرمی سندھ کے اضلاع شہید بے نظیر آباد، جیکب آباد، روہڑی، مٹھی اور لاڑکانہ میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہی۔


متعلقہ خبریں