لاہور:منشیات فروشوں نے پولیس  اہلکاروں کی دوڑیں لگوا دیں



لاہور:منشیات فروشوں نے پولیس اہلکاروں کی دوڑیں لگوا دیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ  لاہور میں پولیس کے مخبر ہی منشیات فروش نکل آئے۔ منشیات فروش ملزموں نے پولیس  اہلکاروں کی دوڑیں لگوا ئیں ،بالآخر علاقہ مکینوں کے مدد سے پکڑے گئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے اچھرہ  میں پولیس کے جوانوں کو اس وقت انوکھی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جب منشیات فروشی میں ملوث مبینہ مخبر نے ہی اہلکاروں پر اسلحہ تان لیا۔ 

پولیس اور منشیات فروش گروپ کے آمنے سامنے آنے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔ وڈیو میں ملزموں کی گرفتاری کے لئے جوانوں کو دوڑ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس اہلکار اہل علاقہ کی مدد سے منشیات فروشوں کو قابو کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 

پولیس نے ملزموں سے اسلحہ،چھریاں اور چاقو بھی  بر آمد کر لئے۔  ایک ملزم نے پولیس اہلکار پر اہلیہ کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر میں لکھا گیاہے کہ مخبر نے اطلاع دی کہ پانی والی ٹینکی کے علاقہ میں منشیات فروشی کرُرہے ہیں۔ اطلاع پانے پر موقع پر پہنچے تو منشیات فروش گلے پڑ گئے۔

مقدمے کے متن کے مطابق منشیات فروشوں نے کٹر بلیڈ کی مدد سے ایک اہلکار کو زخمی کیا اور اسکی سرکاری رائفل بھی چھین لی۔  منشیات فروش بار بار رائفل کے ذریعے فائرنگ کی کوشش بھی کرتا رہا۔

یہ بھی پڑھیے:لاہور: محکمہ پولیس میں کالی بھیڑوں کا انکشاف


متعلقہ خبریں