این او سی کی شرط ختم ہونے پر پہلے امریکی ولاگر کا آزادکشمیر کا دورہ

این او سی کی شرط ختم ہونے پر پہلے امریکی ولاگر کا آزادکشمیر کا دورہ

مظفرآباد: وفاقی وزارت داخلہ پاکستان کی جانب سے آزادکشمیر میں بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کے لیے نان آبجیکشن سرٹیفیکیٹ (این او سی) کی شرط ختم کرنے کے بعد پہلے امریکی  ولاگر نے آزادکشمیر کا دورہ کیا۔

امریکی شہریت رکھنے والے 27 سالہ ڈریو بنسکی نے آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد اور اس سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع خوبصورت سیاحتی مقام پیرچناسی کا رُخ کیا۔  اس سے قبل وہ پاکستان کے دیگر شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور جاچکے  ہیں۔

ڈریو بینسکی اور اُن کے ساتھ ان کی دوست ڈیانا سلاو دنیا کے 161 ممالک کی سیر کر چکے ہیں اور پاکستان ان کے دنیا کی سیر کرنے والے ممالک کی ترتیب میں 162ویں نمبر پر آتا ہے۔

اپنے پاکستان کے دورے کے بارے میں ڈریو کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسی شاندار جگہ دنیا میں کہی اور نہیں دیکھی اور جو مہمان نوازی انہوں نے پاکستان میں دیکھی ایسی اس سے قبل دنیا کے 161 ممالک میں نہیں دیکھی۔

ڈریو نے اپنے ایک ولاگ میں بتایا کہ مجھے پاکستان میں آکر عوام کی جانب سے درجنوں تحفے تجائف دیے گئے اور یہاں آکر کسی نے مجھے کوئی پیسے خرچ نہیں کرنے دیے, حتٰی کہ گلی کوچوں کے ڈھابے والے نے بھی مجھ سے کوئی پیسے وصول نہیں کیے۔

ڈریو بنسکی 27 سالہ ولاگر ہیں جو اگلے دو سال میں دنیا کے مزید 22 ممالک میں سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔  ان کے سوشل میڈیا پر فالو کرنے والوں کی مجموعی تعداد 20 لاکھ سے زیادہ ہے۔  پاکستان آنے سے قبل ڈریو اور ڈیانا نے بھارت اور سری لنکا کا بھی دورہ کیا۔

ڈریو بنسکی کے جانے کے بعد کشمیر پر بنائی گئی ویڈیو کو سوشل میڈیا کے ذریعے اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں جس کے بعد آزادکشمیر میں بین الاقوامی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:پاکستان:سیاحوں پر این او سی کی شرط ختم

این او سی ختم ہونے کے بعد آزادکشمیر آنے والے پہلے بین الاقوامی ولاگر ڈریو بنسکی کو کشمیری نژاد فرانسیسی ولاگر مینن راجہ نے آزادکشمیر کا دورہ کرایا۔


متعلقہ خبریں